امریکہ کی سیکوریٹی ضمانتوں کا معاہدہ تیار : زیلنسکی

   

کیئو ۔ 26 جنوری (ایجنسیز) یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی کا کہنا ہے کہ یوکرین کے لیے سیکوریٹی ضمانتوں سے متعلق امریکہ کے ساتھ طے پانے والا معاہدہ مکمل طور پر تیار ہے اور کییف اب اس پر دستخط کے لیے وقت اور مقام کے تعین کا منتظر ہے۔ یوکرین جنگ کے خاتمہ کے لیے امریکہ، روس اور یوکرین کے نمائندوں کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے بعد صدر زیلنسکی نے کییف کو سیکوریٹی ضمانتیں فراہم کرنے سے متعلق امریکی معاہدہ کو 100 فیصد مکمل قرار دیا۔ اتوار کے روز لتھوانیا کے دارالحکومت ویلنیئس کے دورے کے دوران صحافیوں سے بات کرتے ہوئے زیلنسکی نے کہا، “ہمارے لیے سیکوریٹی ضمانتوں کا مطلب سب سے بڑھ کر امریکہ کی جانب سے سیکوریٹی کی یقین دہانی ہے۔ اس پر دستاویز 100 فیصد تیار ہے اور ہم اپنے شراکت داروں کی جانب سے تاریخ اور مقام کی تصدیق کے منتظر ہیں تاکہ ہم اس پر دستخط کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کے بعد یہ دستاویز توثیق کے لیے امریکی کانگریس اور یوکرین کی پارلیمان کو بھیجی جائے گی۔ اس موقع پر زیلنسکی نے سن 2027 تک یوکرین کو یورپی یونین کی رکنیت دینے کا مطالبہ بھی کیا اور اسے معاشی سیکوریٹی کی ضمانت قرار دیا۔