امریکہ کے الکٹرک گاڑیوں کی فروخت میں اضافہ کے منصوبہ میں تاخیر

   

نیویارک : امریکہ میں الیکٹرک گاڑیوں کی محدود اقسام کی دستیابی اور چارجنگ کے مسائل ان کی خریداری میں رکاوٹ کا سبب بنے ہوئے ہیں۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکہ میں الیکٹرک گاڑیوں کے لیے چارجنگ سٹیشنز کا نیٹ ورک اتنا وسیع نہیں ہے، جبکہ اکثر علاقوں میں اس کے لیے انفراسٹرکچر بھی موجود نہیں یا پھر غیرمعیاری مشینیں لگی ہوئی ہیں۔امریکہ میں فاصلے زیادہ ہونے کے باعث شہریوں کو اپنے رشتہ داروں یا دوستوں سے ملنے کے لیے طویل سفر کرنا پڑتا ہے جس کی مناسبت سے الیکٹرک گاڑی کی چارجنگ کی سہولت کا ہونا بھی ضروری ہے۔امریکی صارفین کی ٹیکنالوجی ایسوسی ایشن کی جانب سے ایک سروے میں تین چوتھائی سے زائد ڈرائیورز نے الیکٹرک گاڑیوں پر اعتماد ظاہر کیا لیکن ساتھ ہی اپنے خدشات کا بھی اظہار کیا۔ان میں سے 36 فیصد نے چارجنگ کیلئے ناکافی انفراسٹرکچر، 39 فیصد نے بیٹری رینج اور 38 فیصد نے گاڑی کی قیمت کے حوالے سے اپنے خدشات کا اظہار کیا۔