حیدرآباد۔/27 ستمبر، ( سیاست نیوز) حیدرآباد سے تعلق رکھنے والا ایک نوجوان امریکہ میں موت اور زندگی کی لڑائی لڑ رہا ہے۔ اعلیٰ تعلیم کے حصول کیلئے امریکہ پہنچنے والے محمد عامر کو چار دن قبل ہاسپٹل میں شریک کیا گیا جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ محمد عامر کے بھائی محمد مجاہد نے کہا کہ عامر کی حالت تشویشناک ہے اور اسے اٹلانٹا جارجیا کے مقامی میڈیکل سنٹر میں شریک کیا گیا۔ محمد عامر اسٹوڈنٹ ویزا پر 31 اگسٹ کو امریکہ پہنچے تھے۔ بھائی کے مطابق دو ہفتے قبل جب عامر کو دانتوں میں انفیکشن کی شکایت ہوئی طبیعت بگڑ گئی اور یہ انفیکشن ان کے حلق میں پھیل گیا۔ عامر کے بھائی کے مطابق انڈیانا ویسلین یونیورسٹی میں آئی ٹی پراجکٹ مینجمنٹ میں ماسٹر ڈگری کیلئے عامر امریکہ پہنچے تھے۔ عامر کی صحت کے بارے میں فکر مند افراد خاندان نے وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر سے مدد کی اپیل کی ہے۔ یہ امریکہ میں حیدرآبادی طلبہ کی صحت سے متعلق پہلا واقعہ نہیں ہے۔ حال ہی میں حیدرآبادی طالبہ سیدہ لولو منہاج شکاگو کی سڑکوں پر پریشان حال پائی گئی تھیں۔ شاداں کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی میں اسسٹنٹ پروفیسر اور مولاعلی کی ساکن منہاج کو جولائی میں شکاگو کی سڑکوں پر انتہائی پریشان حال اور دگرگوں حالت میں پایا گیا تھا۔