سیول۔16 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) شمالی کوریا نے ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ کے ساتھ سفارتی بات چیت کا آغاز ’’اندرون کچھ ہفتے‘‘ شروع ہوگا تاہم شمالی کوریا اس وقت تک نیوکلیر ترک اسلحہ پر غور نہیں کرے گا جب تک اسے خارجی خطرات سے مکمل طور پر نجات نہ مل جائے۔ اس بیان کو شمالی کوریا کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان کے حوالے سے شائع کیا گیا جس کے مطابق امریکہ اور شمالی کوریا کے درمیان آئندہ ہونے والی بات چیت فیصلہ کن ہوگی جس سے امریکہ کے ساتھ شمالی کوریا کا سفارتی موقف بھی واضح ہوجائے گا۔ یاد رہے کہ فروری میں ویتنام میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور کم جونگ ان کے درمیان ہوئی ملاقات کے بعد بات چیت کا سلسلہ بالکل بند ہے کیوں کہ ویتنام کے ہنوئی میں ہوئی ملاقات اور بات چیت اس لیے ناکام ہوئی تھی کہ امریکی تحدیدات میں نرمی کے عوض شمالی کوریا نے اپنے نیوکلیئر ترک اسلحہ پر کوئی قطعی فیصلہ نہیں کیا تھا اور رضامندی بھی ظاہر نہیں کی تھی۔
