واشنگٹن / لندن / پیرس / برلن : 16جولائی ( ایجنسیز ) امریکہ، برطانیہ، فرانس اور جرمنی نے ایران سے نیوکلیئر ڈیل کیلئے اگست کے اختتام تک کی ڈیڈلائن مقرر کرنے پر اتفاق کرلیا۔خبر ایجنسی کے مطابق امریکی وزیرخارجہ مارکو روبیو نے برطانوی ، فرانسیسی اور جرمن ہم منصب کو ٹیلی فون کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ ایران کے نیوکلیئر پروگرام پر حتمی سمجھوتے کیلئے اگست کے اختتام تک کی مہلت رکھی جائے۔ ڈیل نہ ہونے کی صورت میں یہ ممالک ایران پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی وہ تمام پابندیاں پھر سے عائد کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جو سن 2015 میں ایران نیوکلیئر ڈیل کے موقع پر اٹھا لی گئی تھیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز ایران نے اعلان کیا تھا کہ اگر امریکا نے یورینیم افزودگی بند کرنے پر اصرار کیا تو جوہری مذاکرات نہیں ہوں گے۔امریکہ اور ایران کے درمیان جوہری پروگرام پر کئی مرتبہ مذاکرات ہو چکے ہیں، مگر اسرائیل کے اچانک حملوں نے ان مذاکرات کو روک دیا تھا۔جنگ کے اختتام کے بعد دونوں ممالک نے بات چیت کی بحالی کا اشارہ دیا ہے، لیکن ایران نے واضح کیا ہے کہ وہ نیوکلیئر توانائی کے پرامن استعمال کے اپنے حق سے دستبردار نہیں ہوگا۔
کردستان ریجن میں آئل فیلڈز پر ڈرون حملے
بغداد: 16جولائی ( ایجنسیز ) عراق میں امریکی اور نارویجن آئل گروپ کے زیر انتظام آئل فیلڈز پر حملے کیے گئے۔ خبرایجنسی کے مطابق کرد صوبے دہوک میں کیے جانے والے ڈرون حملے میں امریکی کمپنی کے زیر انتظام سرسانگ آئل فیلڈز کونشانہ بنایاگیا۔رپورٹ کے مطابق 2 ڈرونز کے ذریعہ ضلع ذاخو میں واقع نارویجن آئل گروپ کے زیر انتظام چلنے والی پیش کبیر آئل فیلڈ پر بھی حملہ کیا گیا جب کہ اسی ضلع میں واقع ایک اور آئل فیلڈ کو بھی ڈرون سے نشانہ بنایا گیا۔ خبرایجنسی کے مطابق ڈرون حملوں میں آئل فیلڈز کی عمارت اور دیگر سامان کو نقصان پہنچا تاہم حملوں میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں۔