واشنگٹن : امریکہ میں ایک انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر اتفاقاً بندوق چلنے سے افرا تفری پھیل گئی جس کے نتیجے میں ایئر پورٹ کو ہر قسم کی آمد و رفت کے لیے بند کرنا پڑا۔فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اٹلانٹا ایئر پورٹ حکام نے کہا ہے کہ اس حادثے میں تین افراد زخمی ہوئے تاہم ان کی حالت تشویشناک نہیں ہے۔امریکی ٹرانسپورٹیشن سکیورٹی ایڈمنسٹریشن کے مطابق یہ واقعہ اس وقت رونما ہوا جب ایکسرے مشین میں ایک مسافر کے بیگ میں ’ممنوع چیز‘ کی شناخت ہوئی۔حکام کا کہنا ہے کہ جب ڈیوٹی افسر نے بیگ کھولنے کی کوشش کی تو مسافر نے اسے چھیننے کی کوشش کی جس کی وجہ سے بندوق چل گئی۔ تاہم مسافر وہاں سے فرار ہو گیا۔ایئرپورٹ کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ حکام مسافر کے بارے میں جانتے ہیں اور اس حوالے سے مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔