واشنگٹن : ریپبلکن سنیٹر لینزی گراہم نے کہا ہے کہ امریکی فوجی دستے مئی میں افغانستان کا تخلیہ نہیں کریں گے جس کا واشنگٹن اور طالبان کے درمیان دستخط شدہ تاریخی امن معاملت میں تذکرہ کیا گیاہے ۔ اُنھوں نے کہا کہ ہم اُسی وقت افغانستان چھوڑیں گے جب حالات اس کی اجازت دیں ۔ گراہم نے یہ ریمارکس سی بی ایس نیوز کو انٹرویو میں دیئے جب اُن سے پوچھا گیا کہ جنگ سے تباہ حال ملک سے امریکی دستوں کی مجوزہ دستبرداری کی بابت اُن کی کیا رائے ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ جو کچھ وزیر خارجہ ٹونی بلینکن اور بائیڈن نظم و نسق کررہے ہیں ، اُس سے وہ متفق ہیں۔ بائیڈن انتظامیہ افغانستان میں ہماری موجودگی کا ازسرنو جائزہ لے رہا ہے جو دُرست ہے۔ ابھی حالات ایسے نہیں کہ ہم اُس خطہ کو چھوڑکر نکل جائیں اور وہ تمام فوائد کھودیں جو ہم نے حاصل کئے ہیں۔