امریکی ریاست ٹینیسی میں فائرنگ اور آتشزدگی ، 6 ہلاک

   

واشنگٹن:امریکہ کی ریاست ٹینیسی میں ایک گھر میں فائرنگ اور آتشزدگی کے نتیجے میں تین بچوں سمیت چھ افراد ہلاک ہو گئے۔ٹینیسی کے شہر چٹانوگا میں ایک ٹیلی ویڑن سٹیشن ڈبیلو ٹی وی سی نے حکام کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ بظاہر قتل یا خودکشی کی واردات غیرمنظم علاقہ سیکواشئی میں مقامی وقت کے مطابق جمعرات کی رات 9 بجے ہوئی۔ رپورٹ کے مطابق پولیس افسران فائرنگ کے واقعہ کے بعد متاثرہ رہائش گاہ پہنچے جوان کے پہنچنے پر آگ کی لپیٹ میں تھا۔رپورٹ میں ٹینیسی بیورو آف انویسٹی گیشن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ ساتواں شخص گولی لگنے سے زخمی ہوا جسے چٹانوگا میں ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ماریون کانٹی کے پولیس افسر بو برنیٹ نے نیوزچینل کو بتایا کہ یہ واقعہ ایک گھریلو مسئلے کا نتیجہ ظاہر ہوتا ہے جوکافی عرصہ سے جاری تھا۔مقتولین کی باقیات کو تجزیے کے لیے ٹینیسی کے دارالحکومت نیش وِل لے جایا گیا ہے۔ مقامی پولیس افسربو برنیٹ کے حوالے سے ایک اور مقامی خبر رساں ادارے لوکل 3 نیوز نے کہا ہے کہ مردہ پائے جانے والے تین بالغ افراد میں سے ایک گیری بارنیٹ کے بارے میں خیال ہے کہ فائرنگ اس نے کی تھی جس نے اپنی جان لینے سے پہلے دوسرے افراد کو مار ڈالا۔