امریکی زبان کے نئے اصولوں سے ہزاروں بھارتی نژاد ٹرک ڈرائیور متاثر

   

واشنگٹن/نئی دہلی :/4 نومبر (ایجنسیز)امریکہ میں انگریزی زبان کے نئے اصولوں کے تحت ہزاروں بھارتی نڑاد ٹرک ڈرائیوروں کو اپنے روزگار سے ہاتھ دھونا پڑا ہے۔ امریکی محکمہ ٹرانسپورٹ (DOT) کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق اس سال اب تک 7,248 کمرشل ٹرک ڈرائیوروں کو انگریزی زبان کے لازمی امتحان میں ناکامی کے بعد نااہل قرار دیا گیا ہے۔ زیادہ تر متاثرہ ڈرائیور بھارتی ریاستوں پنجاب اور ہریانہ سے تعلق رکھتے ہیں۔ نارتھ امریکن پنجابی ٹرکرز ایسوسی ایشن کے مطابق، اس وقت تقریباً 1.3 سے 1.5 لاکھ بھارتی نڑاد ٹرک ڈرائیور امریکہ میں کام کر رہے ہیں، جن میں بڑی تعداد ان نئے قواعد سے متاثر ہوئی ہے۔ 30 اکتوبر کو امریکی وزیرِ ٹرانسپورٹ شان ڈفی نے اعلان کیا کہ ان ڈرائیوروں کو “آؤٹ آف سروس’’ قرار دے دیا گیا ہے، جس کا مطلب ہے کہ وہ 2025 میں ٹرک نہیں چلا سکیں گے۔ امریکی فیڈرل موٹر کیریئر سیفٹی ایڈمنسٹریشن (FMCSA) نے اس سال سے نیا قانون نافذ کیا ہے جس کے مطابق تمام کمرشل ڈرائیورز کے لیے روڈ سائیڈ انگریزی امتحان پاس کرنا لازمی ہے۔ یہ قانون 49 CFR 391.11(b)(2) کے تحت بنایا گیا ہے، جس کے مطابق ڈرائیور کو انگریزی پڑھنے، بولنے، عوام سے بات چیت کرنے، ٹریفک سائن سمجھنے اور پولیس کی ہدایات پر عمل کرنے کی صلاحیت ہونی چاہیے۔ اوباما دورِ حکومت میں اس قانون پر سختی سے عمل نہیں کیا جاتا تھا، تاہم جون 2025 میں ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ کی نئی ہدایات کے بعد ناکام ڈرائیورز کو فوری طور پر سروس سے برطرف کر دیا گیا۔ یہ اقدام اس وقت اٹھایا گیا جب پچھلے چند مہینوں میں بھارتی نڑاد ڈرائیوروں سے وابستہ کئی ہولناک حادثات پیش آئے۔ حالیہ مہینے کیلیفورنیا ہائی وے پر ایک بھارتی ڈرائیور کے باعث تین امریکی شہریوں کی موت واقع ہوئی، جبکہ ایک اور واقعے میں فلوریڈا میں ہرجندر سنگھ نامی ڈرائیور کے حادثے میں تین افراد ہلاک ہوئے۔ ان واقعات کے بعد انگریزی زبان پر عبور سے متعلق سخت چیکنگ شروع کر دی گئی۔ تاہم، کئی امیگرنٹ ڈرائیورز کا کہنا ہے کہ ان کے خلاف کارروائی غیر منصفانہ ہے، کیونکہ زبان پر عبور کا حادثات سے کوئی براہِ راست تعلق نہیں۔ ان کا مؤقف ہے کہ ٹرانسپورٹ سیکٹر میں پہلے ہی ڈرائیوروں کی کمی ہے، اور یہ پابندیاں صورتحال کو مزید خراب کر سکتی ہیں۔ ریگولیٹرز کا کہنا ہے کہ بنیادی انگریزی سمجھنا عوامی سلامتی کے لیے ضروری ہے تاکہ ڈرائیور ہنگامی حالات میں پولیس یا ایمرجنسی اہلکاروں کے ساتھ مؤثر رابطہ کر سکیں۔