امریکی سفیر کی پائلٹوں کے ریسکیو مشن میں ’موساد‘ کی شرکت کی تصدیق

   

تل ابیب ۔ 7 اپریل (ایجنسیز) اسرائیل میں متعین امریکی سفیر مائیک ہکابی نے اعلان کیا ہیکہ اسرائیلی انٹلیجنس ادارے (موساد) نے اسرائیلی افواج کے تعاون سے ان امریکی پائلٹوں کی تلاش اور بچاؤ کے آپریشن میں براہ راست حصہ لیا ہے، جو ایرانی حدود میں گرنے والے ایف 15 ای (F-15E) لڑاکا طیارے کو اڑا رہے تھے۔ مائیک ہکابی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر لکھا کہ میں نے اسرائیلی وزیرِ اعظم بنجامن نیتن یاہو سے ملاقات کی اور امریکی عوام کی جانب سے ان کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ایران میں ہمارے طیارے کے عملے کو بچانے کے آپریشن میں امریکی فوج اور انٹیلی جنس کو بے مثال مدد فراہم کی۔ اسرائیلی فوج اور ’موساد‘ نے اس مشن میں بڑی معاونت پیش کی ہے۔ عسکری جریدے ملٹری واچ نے رپورٹ کیا تھا کہ پائلٹوں کے ریسکیو آپریشن کے دوران امریکہ اور اسرائیل نے مجموعی طور پر تقریباً 11 طیارے کھو دیے ہیں۔یاد رہے کہ دو نشستوں والا ایک ایف 15 ای لڑاکا طیارہ گذشتہ جمعہ 03 اپریل کو ایرانی سرزمین پر مار گرایا گیا تھا۔ پائلٹ اور نیوی گیٹر پیرا شوٹ کے ذریعے چھلانگ لگانے کے بعد کامیابی سے رابطہ کرنے میں کامیاب ہو گئے تھے۔ ویب سائٹ کے ذرائع نے اشارہ دیا کہ طیارہ تباہ ہونے کے چند گھنٹے بعد ہی پائلٹ کو بچا لیا گیا تھا۔تلاش اور بچاؤ کے اس آپریشن کے دوران ایران نے مشن میں شریک ایک امریکی بلیک ہاک ہیلی کاپٹر کو بھی نشانہ بنایا جس سے اس کا عملہ زخمی ہوا، تاہم ہیلی کاپٹر واپس پہنچنے میں کامیاب رہا۔نیوی گیٹر کی تلاش میں ایک دن سے زیادہ کا وقت لگا اور اسے بچانے کی کارروائی ہفتہ 04 اپریل کو شروع کی گئی۔اس دوران امریکی فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے خطے میں موجود ایرانی افواج پر بمباری کی تاکہ امریکی سپیشل فورسز کے پہنچنے سے قبل انہیں عملے کے دوسرے رکن تک پہنچنے سے روکا جا سکے۔W/H