امریکی شہریوں کو ہندوستان دورہ کے دوران محتاط رہنے کا انتباہ

   

دہشت گرد تنظیموں کی سرگرمیوں پر امریکی حکام کا اشارہ
حیدرآباد۔17 نومبر(سیاست نیوز) امریکہ نے ہندستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردانہ حملوں اور کاروائیوں کا انتباہ دیتے ہوئے اپنے شہریوں کے لئے جاری کردہ ایڈوائزری میں کہا ہے کہ وہ ہندستان کے سفر کے دوران محتاط رہیں اور جموں کشمیر کے دورہ کے دوران سرحد سے 10کیلو میٹر کے دائرہ میں نہ جائیں کیونکہ کسی بھی وقت ان علاقوں میں حملہ کا خدشہ ہے۔ امریکہ کی جانب سے جاری کی گئی اس ایڈوائزری میں مہاراشٹرا اور تلنگانہ کے بعض علاقوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ان دونوں ریاستوں کے بعض علاقوںتک امریکی قونصل خانہ کے عملہ کی رسائی انتہائی مشکل ہے اسی لئے ان علاقوں میں جانے سے بھی احتیاط کیا جائے ۔ امریکی شہریوں کے لئے جاری کردہ ایڈوائزری میں نارتھ (شمالی) تلنگانہ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ شمالی تلنگانہ کے اضلاع میں قونصل خانہ کی راست رسائی نہیں ہے اسی لئے ان علاقوں میں جانے سے بھی گریز کیا جائے۔ درجہ دوم کی اس انتباہی ایڈوائزری میں امریکی حکام نے اپنے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ہندستان میں جہاں کہیں جائیں چوکس رہیں۔اس ایڈوائزری میں چوکسی اختیار کرنے کے لئے دہشت گرد تنظیموں کے منصوبوں کے ساتھ ہندستان میں ہونے والے عصمت ریزی کے واقعات کا بھی حوالہ دیا گیا ہے۔ امریکی حکام کے مطابق دہشت گرد تنظیموں کی جانب سے حمل و نقل کے ذرائع کے علاوہ بازاروں ‘ شاپنگ مالس ‘ جامعات ‘ ائیر پورٹ‘ ملٹری کے مراکز ‘کے علاوہ سیاحتی مقامات‘ اسکولوں اور دواخانوں کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے اسی لئے ان مقامات پرزیادہ دیر رکنے سے بھی احتیاط کا مشورہ دیا گیا ہے اور کہا ہے کہ دہشت گرد تنظیموں کی جانب سے ان مقامات پر اچانک حملوں کی منصوبہ بندی کی اطلاعات ہیں۔ جموں و کشمیر کے ساتھ شمالی تلنگانہ کے اضلاع کے علاوہ مشرقی مہاراشٹرا کا بھی ایڈوائزری میں تذکرہ کیا گیا ہے۔امریکی حکام کی جانب سے جاری کئے جانے والے انتباہ میں امریکی شہریوں کو سابق میں پیش آنے والے دہشت گردانہ واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وہ ہندستان ‘ پاکستان اور خیبر پختوں خواں کا دورہ کرتے ہوئے محتاط رہیں کیونکہ دہشت گردانہ کاروائیوں کی صورت میں انہیں کوئی گزند نہ پہنچے۔م