امریکی شہریوں کی اکثریت کو نتن یاہو پر اعتماد نہیں: سروے

   

نیویارک : رائے عامہ کیایک نئے سروے کے مطابق امریکیوں کی اکثریت کو اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نتن یاہو پر عالمی معاملات کے حوالہ سے درست کارکردگی پر بہت کم یا قطعی اعتماد نہیں ہے۔ یکم اپریل سے 7 اپریل، 2024 کے درمیان کیے گئے 3 ہزار 600 بالغ امریکیوں کے پیو ریسرچ سینٹر کے سروے کے مطابق، دس میں سے تین کا کہنا ہے کہ انہیں اسرائیلی وزیر اعظم پر تھوڑا بہت اعتماد ہے۔ تاہم 2023 سے لے کر اب تک نتن یاہو پر اعتماد نہ رکھنے والے امریکیوں کی تعداد میں 11 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ سروے کا کہنا ہے کہ اس تبدیلی کا تعلق نتن یاہو کے بارے میں امریکیوں کی آگہی میں تبدیلی سے ہے۔ 2023 میں، تقریباً ایک چوتھائی امریکیوں یعنی 26 فیصد کا کہنا تھا کہ انہوں نے اسرائیلی لیڈر کے بارے میں کبھی سنا ہی نہیں تھا، لیکن اس سال اس میں 15 فیصد کمی آئی ہے۔ نتن یاہو کے بارے میں امریکیوں کے خیالات سیاسی پارٹیوں سے وابستگی، اور آبادی کے مختلف گروپوں اور عوامل کے لحاظ سے مختلف ہیں۔