امریکی صدارتی انتخاب کا آغاز،بائیڈن کی سبقت برقرار

,

   

ٹرمپ کو وائٹ ہاؤز خالی کرنے کیلئے تیار رہنے کا مشورہ، اوباما کا رائے دہندوں سے فون پر رابطہ

نیویارک : امریکہ میں صدارتی انتخابات کیلئے رائے دہی کا آغاز ہوچکا ہے۔ یہ انتخابات ڈونالڈ ٹرمپ کی منفرد اور تنازعات سے بھرپور صدارت پر ریفرنڈم ہوں گے۔ ان کے ڈیموکریٹک حریف اور صدر بننے کے مکمل امکانات کے ساتھ امیدوار جوبائیڈن نے امریکیوں پر زور دیا کہ وہ جمہوریت کی بحالی کے لئے ووٹ دیں۔ 1970 ء کی ویتنام جنگ کے دور کے بعد سے امریکہ پہلی مرتبہ اِس قدر منقسم اور برہم دکھائی دے رہا ہے۔ اندیشے پیدا ہورہے ہیں کہ ٹرمپ انتخابی نتائج کو متنازعہ بناتے ہوئے مزید کشیدگی کو ہوا دیں گے۔ 77 سالہ جوبیڈن نے اپنی انتخابی مہم میں کئی کوتاہیوں کے باوجود ہر ایک اوپینین پول میں سبقت برقرار رکھے ہوئے ہیں اور وہ امریکیوں کو مسلسل یہ پیام دے رہے ہیں کہ سرزمین امریکہ میں حالات بحال کرنے کی ضرورت ہے۔ کورونا وائرس وباء کے درمیان نئی قیادت ہی امریکہ کے مستقبل کو بہتر بناسکتی ہے۔ کورونا وائرس سے امریکہ میں اب تک 2,31,000 افراد فوت ہوچکے ہیں۔ پنسلوانیا کے پٹسبرگ میں انتخابی مہم چلاتے ہوئے بائیڈن نے کہاکہ میرا یہ احساس قوی ہوتا جارہا ہے کہ میں کل کے انتخابات میں فاتح بن کر اُبھروں گا۔ پنسلوانیا ایک اہم انتخابی میدان ہے جہاں اِن کی مہم میں ٹاپ سوپر اسٹار لیڈی گاگا نے بھی حصہ لیا ہے۔ سابق صدر امریکہ اوباما نے بھی ڈیموکریٹک امیدوار جوبائیڈن کے حق میں ووٹ دینے عوام سے راست فون پر بات کی۔ اُنھوں نے ایک شہری کو فون کیا تو اُس خاتون نے انھیں مکمل تیقن دیا کہ وہ بائیڈن کے حق میں ہی ووٹ دیں گی۔ اِس خاتون نے اپنی کمسن بیٹے سے بھی فون پر اوباما سے بات کروائی۔ غیر متوقع طور پر اوباما کا فون آنے کے بعد خاتون نے حیرت کا اظہار کیا۔ تاہم دو منٹ کے اندر ہی وہ خود کو سنبھالتے ہوئے سابق صدر اوباما سے اپنی 8 ماں کے بیٹے سے بات کروائی۔ اوباما نے جوبیڈن کی کامیابی کے لئے مہم چلانے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی۔ بائیڈن نے اوہایو میں انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ کو مشورہ دیا کہ وہ وائٹ ہاؤز خالی کرنے کی تیاری شروع کردیں اور اپنا بوریا بستر لپیٹ کر چلنے کیلئے تیار رہیں۔ امریکی عوام اِن سے بیزار آچکے ہیں، ان کے خلاف نفرت اور غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ ہر محاذ پر ان کی ناکامی اور غیر ذمہ دارانہ حکمرانی کے باعث عوام کو نئے صدر کے انتخاب کا موقع ملا ہے۔ بیڈن نے یہ بھی عہد کیاکہ وہ منتخب ہوتے ہیں تو کوویڈ ۔ 19 پر قابو پائیں گے۔