امریکی صدر کا کلیدی ذخائر سے خام تیل جاری کرنے کا اعلان

   

واشنگٹن : امریکی صدر جو بائیڈن نے تجزیہ کاروں کے خبردار کرنے کے باوجود پیٹرولیم کے سٹریٹیجک ذخائر میں سے خام تیل جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔عرب نیوز کے مطابق امریکہ میں پٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور اوپیک ممالک کو تیل کی پیداوار میں اضافے پر قائل کرنے کی ناکامی کے بعد صدر جو بائیدن نے منگل کو امریکہ کے سٹریٹیجک ذخائر میں سے خام تیل جاری کرنے کی تصدیق کی ہے۔امریکہ میں تیل کی قیمت سات سال کے عرصے میں بلند ترین سطح پر ہے جس کے باعث کورونا میں کمی کے بعد معیشت کی بحالی ایک مرتبہ پھر خطرے میں پڑ گئی ہے۔امریکہ سمیت چین، ہندوستان ،جاپان، جنوبی کوریا اور برطانیہ کے فیصلے کے بعد پانچ کروڑ بیرل خام تیل جاری ہوگا۔حکومت ہندنے بھی اپنے سٹریٹیجک ذخائر میں سے 50 لاکھ بیرل تیل جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔انٹرنیشنل انرجی ایجنسی (آئی ای اے) کے قوانین میں واضح ہے کہ جنگوں یا قدرتی آفات کے باعث مارکیٹ میں آنے والے اتار چڑھاؤ سے نمٹنے کے لیے ذخائر میں سے تیل جاری کیا جا سکتا ہے، لیکن سرمایہ کاری میں اتار اور طلب میں اضافے کے باعث مارکیٹ میں عدم توازن کو درست کرنے کے لیے ایسے اقدامات نہیں کیے جا سکتے۔