امریکی مال میں گیس کے اخراج سے دھماکہ ‘ 20 زخمی

   

میامی 6 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) فلوریڈا کے ایک شاپنگ مال میں گیس کے اخراج سے ایک دھماکہ ہوا جس کے نتیجہ میں کم از کم 20 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ محکمہ فائر نے یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ جنوبی فلوریڈا میں واقع اس شاپنگ مال میں ہوئے دھماکہ میں زخمی ہونے والوں میں دو افراد کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے ۔ امریکی نیوز چینلوں پر جو تصاویر پیش کی گئی ہیں ان میں دکھایا گیا ہے کہ فاونٹینس پلازا شاپنگ مال کے پارکنگ علاقہ میں آگ سے بہت زیادہ سامان جل گیا ہے ۔ خاص طور پر ایک فٹنس جم کو زیادہ نقصان ہوا ہے ۔ ڈپٹی فائر چیف جوئل گورڈن نے میڈیا کو بتایا کہ آگ لگنے کے حادثہ میں 15 تا 20 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ در اصل گیس کے اخراج سے ہونے والا دھماکہ تھا اور آگ کے تیزی سے پھیلنے کے نتیجہ میں کافی سامان جل کر خاکستر ہوگیا ہے ۔ کوئی لاپتہ نہیں ہوا ہے ۔