واشنگٹن: تفتیش کاروں نے الزام عائد کیا ہے کہ امریکی حکومت کے ان اداروں پر اس بڑے سائبر حملے میں روس کا ہاتھ ہے اورہیکرز نے ایک آئی ٹی کمپنی سے بھیجے گئے سافٹ ویئراپ ڈیٹ کے ذریعہ نقب لگائی۔امریکہ کا کہنا ہے کہ ہیکرز نے وزارت خزانہ اور محکمہ کامرس سمیت کم از کم دو وفاقی محکموں کو زبردست سائبر حملے کا نشانہ بنایا ہے۔ یہ انکشاف ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کچھ روز قبل ہی امریکی حکام نے تنبیہ کی تھی کہ روسی حکومت سے وابستہ سائبر ہیکرز حساس اعداد و شمار کو نشانہ بنانے کے لیے آسان اہداف سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔امریکی محکمہ تفتیش،ایف بی آئی اور داخلی سلامتی کا سائبر سکیورٹی ڈیویژن اس سائبر حملے کی تفتیش کررہا ہے۔نیشنل سکیورٹی کونسل کے ترجمان جون الیاٹ نے کہا، ’’امریکی حکومت ان خبروں سے واقف ہے اور ہم اس صورت حال سے پیدا ہونے والے ممکنہ مسائل کا حل تلاش کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کررہے ہیں۔‘‘سائبر سکیورٹی کے ماہر دمتری الپروویچ کا کہنا تھا کہ’’یہ اب تک کے معلوم سنگین ترین جاسوسی کی مہموں میں سے ایک ثابت ہوسکتا ہی۔‘‘