تل ابیب، 16 ستمبر (یو این آئی) امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کو غزہ معاہدے کیلیے تجویز قبول نہ کرنے پر دبے الفاظ میں سنگین نتائج کی دھمکی دے دی۔ قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے حماس کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ مزاحمتی گروپ کے پاس غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے کو قبول کرنے کیلیے بہت کم وقت ہے ۔ مارکو روبیو نے اسرائیل سے قطر روانگی سے قبل صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلیوں نے غزہ میں آپریشنز شروع کر دیے ہیں لہٰذا ہم سمجھتے ہیں کہ غزہ معاہدے کیلیے وقت بہے کم ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ غزہ معاہدے کیلیے اب ہمارے پاس مہینوں کا وقت نہیں ہے شاید چند دن یا زیادہ سے زیادہ چند ہفتے باقی ہیں، ہماری اولین ترجیح یہ ہے کہ یہ تنازعہ ایک مذاکراتی تصفیے کے ذریعے ختم ہو جائے جہاں حماس کہے کہ ہم اپنی فوجی طاقت ختم کرتے ہیں اور اب ہم خطرہ نہیں رہیں گے ۔ مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ اگر دنیا کا کوئی ملک اس تنازعہ میں ثالثی کر سکتا ہے تو وہ صرف قطر ہے ۔