ویزا درخواست میں تفصیلات درج کرنا لازمی ، امریکی سفارتخانہ کے رہنمایانہ خطوط
حیدرآباد۔23۔جون(سیاست نیوز) امریکی ویزاکے لئے درخواست داخل کرنے والے درخواست گذار اپنے نان امیگرینٹ ویزا کے حصول کو یقینی بنانے کے لئے اپنے سوشل میڈیا کھاتوں کی پرائیویسی سیٹنگ میں تبدیلی لاتے ہوئے انہیں ہر کسی کے لئے قابل رسائی رکھیں ۔ امریکی سفارتخانہ نے جو نئے رہنمایانہ خطوط جاری کئے ہیں ان کے مطابق نان امیگرینٹ ویزاکے لئے درخواست داخل کرنے والے اپنے سوشل میڈیا کھاتوں کی تفصیل ویزادرخواست میں تحریر کرتے ہیں لیکن ان سوشل میڈیا کھاتوں کی تفصیلات پبلک نہ ہونے کے سبب ان کھاتوں کا جائزہ لینے میں دشواریاں ہوتی ہیں اسی لئے امریکی سفارتخانہ متعینہ ہند کی جانب سے مائکرو بلاگنگ پلیٹ فارم X پر جاری کئے جانے والے رہنمایانہ خطوط میں جو درخواست گذار اپنے مختلف زمروں کے نان امیگرینٹ ویزابالخصوص Mویزاجو کہ تکنیکی تعلیم کے حصول کے لئے جاری کیا جاتا ہے اور F ویزا جو کہ امریکہ میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے جاری کیا جاتا ہے اس کے علاوہ J ویزاکے درخواست گذاروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے سوشل میڈیا کھاتوں کو پبلک رکھیں تاکہ ان کے سوشل میڈیا کھاتوں کا بہ آسانی مشاہدہ کیا جاسکے۔2019 سے امریکی حکومت کی نئی پالیسی کے مطابق ویزادرخواست میں سوشل میڈیا کھاتوں کی تمام تر تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں اور ان تفصیلات کے ذریعہ درخواست گذار کے نظریات کی جانچ کی جانے لگی ہے ۔ واضح رہے کہ گذشتہ دنوں امریکہ میں مقیم ہندستانی شہریوں کے علاوہ دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے طلبہ کی ان کے سوشل میڈیا کھاتوں کے ذریعہ نشاندہی کرتے ہوئے ان کے ویزا کی تنسیخ کے احکامات جاری کئے گئے تھے اور ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے کئے جانے والے ان اقدامات کے خلاف کئی طلبہ نے عدالت سے رجوع ہوتے ہوئے راحت حاصل کی تھی اور یہ مقدمہ اب بھی امریکی عدالتوں میں جاری ہے۔ اظہار خیال کی آزادی کی حمایت کرنے والے امریکہ نے سوشل میڈیا کھاتوں پر نظر رکھتے ہوئے درخواست گذاروں کو ویزا کی اجرائی کرنے کی جو پالیسی تیار کی ہے اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ امریکہ میں ٹرمپ انتظامیہ کس طرح سے اظہار خیال کی آزادی پر قدغن لگاتے ہوئے کنٹرول کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ امریکی سفارتخانہ کی جانب سے جاری کئے جانے والے رہنمایانہ خطوط میں باضابطہ اس بات کا اعلان کیاگیا ہے کہ ویزار درخواست گذاروں کی درخواستوں کا مشاہدہ کرتے ہوئے اور ان کی اسکریننگ کے ذریعہ اس بات کا فیصلہ کیا جائے گا کہ کسے امریکہ میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے اور کون امریکی پالیسیوں کے مطابق امریکی سرزمین کیلئے خطرہ ہے۔3