امریکی یونیورسٹی نے اعلیٰ ایرانی عہدیدار کی بیٹی کو برطرف کردیا

   

واشنگٹن ۔ 26 جنوری (ایجنسیز) امریکہ کی ایموری یونیورسٹی نے ایرانی سپریم نیشنل سیکوریٹی کونسل کے سیکریٹری علی لاریجانی کی بیٹی کو ملازمت سے برطرف کر دیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق علی لاریجانی کی بیٹی فاطمہ اردشیر لاریجانی امریکہ کی ایموری یونیورسٹی کے میڈیکل اسکول بطور اسسٹنٹ پروفیسر ملازمت کر رہی تھیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فاطمہ اردشیر لاریجانی اسسٹنٹ پروفیسر کے طور پر ہیماٹولوجی اور میڈیکل آنکولوجی پڑھا رہی تھیں۔ ان کا نام اب فیکلٹی کی ویب سائٹ سے بھی ہٹا دیا گیا ہے۔ وِن شپ کینسر انسٹی ٹیوٹ نے معلومات شامل کیے بغیر تصدیق کی کہ ایک ڈاکٹر جو ایرانی حکومت کے ایک اعلیٰ اہلکار کی بیٹی ہے، اب ایموری کی ملازم نہیں ہیں۔ واضح رہے کہ 19 جنوری کو ایموری یونیورسٹی کے باہر درجنوں ایرانی نڑاد امریکیوں نے احتجاج کیا تھا، جس میں ایران میں احتجاجی مظاہروں کے خلاف کریک ڈاؤن کے تناظر میں ڈاکٹر فاطمہ اردشیر لاریجانی کی برطرفی کا مطالبہ کیا تھا۔ چند روز قبل امریکی ایوان نمائندگان کے رکن ارل کارٹر نے یونیورسٹی حکام کو ایک خط لکھ کر مطالبہ کیا تھا کہ فاطمہ لاریجانی کو برطرف کیا جائے اور ان کا میڈیکل لائسنس بھی منسوخ کیا جائے۔