حیدرآباد۔ یکم ستمبر (سیاست نیوز) امریکی سفارتخانہ کے زیر اہتمام ایجوکیشن یو ایس اے گریجویٹ ورچول فیر کا انعقاد عمل میں آیا جس میں امریکہ کی 100 سے زائد یونیورسٹیز نے حصہ لیتے ہوئے تعلیم کے بہتر مواقع اور کورسس کے بارے میںمعلومات فراہم کی۔ اس ورچول ایجوکیشن فیر میں جنوب اور وسطی ایشیا کے چار ممالک سے تعلق رکھنے والے ہزاروں طلبہ نے شرکت کی۔ ایجوکیشن فیر کا مقصد امریکی یونیورسٹیز میں گریجویٹ اور اعلیٰ تعلیم کے کورسس میں دلچسپی رکھنے والے طلبہ کی رہنمائی کرنا ہے۔ ماسٹرس اور پی ایچ ڈی کی سطح پر موجود کورسس اور سہولتوں سے واقف کرایا گیا۔ ماہرین کے ذریعہ طلبہ کی رہنمائی کی گئی ۔ ہندوستان سے 6000 سے زائد طلبہ نے ورچول فیر میں حصہ لیا، ان میں سے 1962 کا تعلق آندھراپردیش ، تلنگانہ اور اڈیشہ سے ہے۔ گزشتہ سال کے مقابلہ 44 فیصد زائد طلبہ نے فیر میں حصہ لیتے ہوئے امریکی یونیورسٹیز میں تعلیم میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ امریکی کونسل جنرل حیدرآباد جویل ریف میان نے کہا کہ امریکی حکومت اپنی یونیورسٹیز میں بہتر تعلیمی مواقع فراہم کرنے کیلئے دنیا بھر کے طلبہ اور خاص طورپر تلنگانہ ، آندھراپردیش اور اڈیشہ کے طلبہ کیلئے ہمیشہ تیار ہے۔ فیر میں حصہ لینے والے طلبہ کو بہتر طورپر معلومات فراہم کی گئی ہے جس کے ذریعہ وہ امریکی یونیورسٹیز میں اپنے تعلیمی مستقبل کا فیصلہ کرسکتے ہیں۔ طلبہ نے یونیورسٹیز کی معلومات پر مبنی بروچرس کو ڈاؤن لوڈ کیا۔ ویزا آفیسر نے طلبہ کو ویزا کے حصول کے سلسلہ میں رہنمائی کی۔ امریکی یونیورسٹیز کا انڈر گریجویٹ ورچول فیر 3 ستمبر کو منعقد ہوگا۔ 100 سے زائد کالجس اور یونیورسٹیز حصہ لیں گے ۔ طلبہ اپنے نام ویب سائیٹ
https://bit.ly/UGEDUSAFair21EmbWeb
پر رجسٹر کرسکتے ہیں۔ R