محبوب نگر میں تقریب سے ریاستی وزیر سرینواس گوڑ اور ایس پی کا خطاب
محبوب نگر ۔ سماج کی بہترین تعمیر اور امن و سلامتی کو قائم رکھتے ہوئے ہی شہدا پولیس کو بہتر طریقہ سے خراج پیش کیا جاسکتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر سرینواس گوڑ نے مستقر محبوب نگر کے پولیس ہیڈ کوارٹر پر فلیگ ڈے اور یوم شہیدان پر تقریب کو مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے اپنی بات جاری رکھے ہوئے کہا کہ ملک کی سرحدوں سے لیکر دیہاتوں کی گلیوں تک عوام کی حفاظت اور امن و سلامتی کیلئے پولیس ملازم شب و روز خدمات میں مصروف ہیں ۔ اپنی دلیرانہ خدمات کے دوران کئی ملازمین کو اپنی جانوں کی تک قربانی دینی پڑی ۔ انہوں نے پولیس ملازمین بالخصوص نوجوان پولیس ملازمین جو جاریہ ماہ اپنی تربیت مکمل کرکے اپنی خدمات کا آغاز کر رہے ہیں ۔ مشورہ دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی واقف ہوں اور فرض شناسی کے ساتھ قوم و ملک کی خدمت کے جذبہ کے ساتھ اپنی خدمت میں لگے رہیں ۔ ایڈیشنل ایس پی وینکٹیشورلو نے دوران سال ملک میں اپنی جانی قربانی پیش کرنے والے پولیس ملازمین کی تفصیلات پیش کی اور ان کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ تقریب میں مسلح پولیس کے دستوں نے متاثر کن سلامی دی ۔ تقریب میں ضلع پریشد چیرمین سورنا سدھاکر ریڈی ،ایڈیشنل کللکٹر ٹی نندلا پوار ، میونسپل چیرمین نرسمہلو ، ڈی ٹی سی پرنسپل بھاسکر راؤ ، ڈی ایس پیز سریدھر ، سائی منوہر ، لکشمی نارائن کے علاوہ انسپکٹران پولیس ، ریلاائرڈ پولیس آفیسرس اسوسی ایشن کے عہدیداران ، سٹیزن فورم کے ممبران و دیگر موجود تھے ۔ بعد ازاں ریاستی وزیر سرینواس گوڑ ضلع ایس پی آر راجیشوری ، ضلع پریشد چیرمین سورنا سدھاکر ریڈی نے ون ٹاون سرکل پہونچ کر آنجہانی ایس پی پردیسی نائیڈو کے مجسمہ پر پھول مالا چڑھائے اور خراج عقیدت پیش کی ۔