چیف منسٹر کے سی آر کا پولیس عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس، مقامی سطح پر تحدیدات،سوشیل میڈیا پرافواہوں اوراشتعال انگیزی پر کارروائی
حیدرآباد۔/24 اگسٹ، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے پولیس عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ریاست میں امن و ضبط کی صورتحال کی برقراری میں کوئی کوتاہی نہ کریں۔ چیف منسٹر نے آج اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ امن و ضبط کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ چیف سکریٹری سومیش کمار، ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی، کمشنر پولیس حیدرآباد سی وی آنند، کمشنر پولیس سائبرآباد اسٹیفن رویندرا ، کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مہیش بھاگوت کے علاوہ دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں چیف منسٹر کو تازہ ترین سیاسی صورتحال سے واقف کرایا گیا۔ بی جے پی کے معطل شدہ رکن اسمبلی راجہ سنگھ کے متنازعہ بیان کے بعد نہ صرف حیدرآباد بلکہ تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں مسلمانوں کی جانب سے احتجاج کیا جارہا ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے عدالت میں پیش کیا جہاں ضمانت منظور کی گئی۔ چیف منسٹر کو حیدرآباد کے علاوہ اضلاع کی صورتحال سے واقف کراتے ہوئے عہدیداروں نے کہا کہ امن و ضبط کی برقراری کیلئے بعض تحدیدات عائد کی جارہی ہیں تاکہ عوام کو کام کے اوقات کے علاوہ سڑکوں پر گھومنے سے روکا جاسکے۔ بتایا جاتا ہے کہ عہدیداروں نے چیف منسٹر کو تجارتی اداروں کو مقررہ وقت سے قبل بند کرنے سے متعلق فیصلہ سے واقف کرایا اور کہا کہ سڑکوں پر آمدورفت کو روکنے کیلئے یہ فیصلہ معاون ثابت ہوگا۔ شہر کے کئی علاقوں میں عوام کی جانب سے احتجاجی ریالیاں منظم کی جارہی ہیں اور پولیس تحمل کے ساتھ صورتحال سے نمٹ رہی ہے۔ چیف منسٹر کو اطلاع دی گئی کہ تشدد کا ایک بھی واقعہ پیش نہیں آیا ہے اور پولیس مکمل چوکسی برقرار رکھے ہوئے ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے پولیس کو ہدایت دی کہ وہ غیر سماجی عناصر پر نظر رکھیں جو افواہیں پھیلاکر صورتحال بگاڑنے کی کوشش کرسکتے ہیں۔ چیف منسٹر نے سوشیل میڈیا پر افواہیں پھیلانے والوں اور اشتعال انگیز مواد پیش کرنے والوں پر نظر رکھنے کی ہدایت دی۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر اس بات پر ناراض تھے کہ بی جے پی لیڈر نے اپنے گستاخانہ بیان کے ذریعہ تلنگانہ کے پُرامن ماحول کو بگاڑنے کی کوشش کی ہے۔ حکومت کسی بھی صورت میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور امن و امان کے خلاف کام کرنے والوں کو برداشت نہیں کرے گی۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ ریاست بھر میں آئندہ چند دنوں تک چوکسی کو برقرار رکھیں تاکہ امکانی احتجاجی ریالیوں سے نمٹا جاسکے۔ چیف منسٹر کو بتایا گیا کہ راجہ سنگھ کے خلاف مزید نئے مقدمات درج کئے گئے ہیں جس کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ چیف منسٹر نے عوامی نمائندوں کا تعاون حاصل کرتے ہوئے امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ جہاں ضروری ہو اضافی فورس متعین کی جائے۔ر