امن کی فضاء کو مکدر کرنے کی کوشش پر اظہار تشویش

   

رمضان میں ٹریفک و دیگر انتظامات پر خصوصی توجہ کا مطالبہ، نظام آباد میں پولیس کمشنر سے نمائندگی
نظام آباد /25 فروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) شہر نظام آباد کی پرامن فضاء کو مکدر بنانے اور اشتعال انگیزی کے کسی بھی اقدام پر پولیس کی جانب سے سخت کارروائی کرنے ماہ رمضان میںٹریفک کے مسائل اور لا اینڈ آرڈر کی برقراری کیلئے آج کانگریس کے ایک وفد نے سید نجیب علی کی قیادت میں جاوید اکرم سابق چیرمین ضلع وقف کمیٹی ایم اے فہیم سابق ڈپٹی مئیر نے کمشنر پولیس سے تفصیلی ملاقات کرتے ہوئے شہر میں وقفہ وقفہ سے ہونے والے مختلف واقعات کے سلسلہ میں عوامی تشویش سے واقف کروایا اور بتایا کہ چند یوم قبل رکن پارلیمان ڈی اروند نے شہر کے علاقہ ضلع میں آرکیالوجیکل سروے کے تحت محفوظ عمارت کے گیٹ کو زعفرانی رنگ کردیا اور ان کے ساتھ مقامی رکن اسمبلی نے بھی اپنے ہاتھوں سے یہ رنگ کرتے ہوئے اسی مقام پر ٹہر کر پولیس عہدیدار سے جس انداز میں بات چیت کرتے ہوئے قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے کا چیلنج کیا اس سلسلہ میں پولیس کی جانب سے از خود نوٹ لیتے ہوئے کارروائی نہ کئے جانے پر تشویش کا اظہار کیا ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ اچانک ہوئے اس واقعہ پر مقامی پولیس اسٹیشن کے عہدیداروں کو میمو جاری کیا گیا اور محکمہ بلدیہ کو اس رنگ کو تبدیل کرنے کی درخواست کی گئی اور پولیس نے اس واقعہ کا از خود نوٹ لیا ہے اور پولیس جلد اس مسئلہ پر پولیس کارروائی کرے گی ۔ سید نجیب علی نے کمشنر پولیس کو بتایا کہ اس گیٹ سے جو سابقہ جیل اور موجودہ رام مندر اور اندرون قلعہ واقع جامع مسجد قلعہ قبرستان واقع ہے یہ واحد مشترکہ راستہ ہے ۔ اس طرح کی اشتعال انگیزی کے ذریعہ فرقہ وارانہ اشتعال پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ وفد نے بتایا کہ جس دن ایم پی نے یہ کارروائی کی اسی یوم پولیس نے اندرون قلعہ مسجد پہونچنے والی ایک تبلیغی جماعت کے وفد سے ان کی تفصیلات دریافت کی تاہم کمشنر پولیس نے اس واقعہ پر عدم واقفیت کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ اس طرح کے واقعات کو روکنے کا تیقن دیا ۔ وفد نے شب برات کے علاوہ ماہ رمضان المبارک کے پیش نظر اقلیتی علاقوں اور تجارتی مراکز کے قریب ٹریفک کے موثر انتظامات کرنے اور قبل از وقت فٹ پاتھ تاجرین کیلئے ممکنہ تعاون کرنے حساس علاقوں میں مساجد کے قریب کڑی نظر رکھنے اور بازار کو رات دیر گئے تک حکومت کی ہدایت کی روشنی میں کھلا رکھنے کے سلسلہ میں ایک خصوصی میٹنگ رکھتے ہوئے ضروری ہدایات جاری کرنے اور ماہ رمضان کے دوران پولیس کی جانب سے سختی سے گریز کرنے کیلئے موثر ہدایات جاری کرنے کی خواہش کی ۔ وفد نے اقلیتی علاقوں میں کم عمر نوجوانوں میں گینگ بنائے جانے اور جرائم مار پیٹ میں اضافے پر گہری تشویش کااظہار کیا اور کم عمر بچوں کے مستقبل کو بچانے کیلئے کونسلنگ کرنے کی خواہش کی ۔ بعد ازاں انہوں نے وفد کو نومتبدلہ اے سی پی ایل وینکٹ ریڈی سے بھی ملنے کی خواہش کی ۔ وفد نے اے سی پی ایل وینکٹ رام ریڈی سے بھی تفصیلی ملاقات کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا اور لاء اینڈ آرڈر کی برقراری کیلئے سخت اقدامات کرنے کی خواہش کی ۔