کوئی بھی مذہب تشدد کا درس نہیں دیتا، نمائندہ ’سیاست‘ نرمل کی ایس پی پروین کمار سے بات چیت
نرمل۔ 28؍اگسٹ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ پرندوں میں کبھی فرقہ پرستی نہیں دیکھی، ہم نے کبھی مند مندر پہ جابیٹھتے ہیں تو کبھی مسجد پہ جابیٹھتے ہیں۔ ان پرندوں سے ہمیں سبق سیکھنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار نرمل ضلع ایس پی سی ایچ پروین کمار آئی پی ایس نمائندہ ’سیاست‘ سید جلیل ازہر کو دو دن بعد شروع ہوا ہے، گنیش اُتسو تقاریب کے سلسلہ میں انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ انھوں نے بتایا کہ گنیش اُتسو تقاریب کا 31 اگسٹ سے آغاز ہونے جارہا ہے۔ اس سلسلہ میں حالات کو پرامن بنائے رکھنے کے لئے امن کمیٹی کے اجلاس سارے ضلع ہیڈکوارٹر پر منعقد کرتے ہوئے ذمہ دار شہریوں سے پولیس نے عوامی تعاون کی بھی اپیل کی ہے۔ ساتھ ہی تمام گنیش منڈپوں کے منتظمین کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ عارضی طور پر گنیش منڈپوں میں سی سی کیمرے بھی نصب کریں اور منڈپوں میں جوا کھیلنے سے احتیاط کریں، ورنہ پولیس اپنا کام کرتے ہوئے کسی کا رُتبہ یا مقام دیکھے بغیر مقدمات درج کرنے سے گریز نہیں کرے گی۔ ضلع ایس پی پروین کمار نے بتایا کہ نرمل ضلع کے علاقہ بھینسہ بہت حساس مقام ہونے کی وجہ سے وہاں پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ کبھی بھی کوئی امن کی فضاء کو مکدر کرنے کی کوشش کرے گا تو قانون کے آہنی پنجہ سے انھیں کچل دیا جائے گا۔ انھوں نے بتایا کہ کوئی بھی مذہب تشدد کا درس نہیں دیتا۔ ایک دوسرے کے تہواروں میں شریک ہوکر خوشیاں سب میں بانٹنا ہی انسانیت ہے۔ ضلع ایس پی پروین کمار نے کہا کہ فرقہ پرستی کا جنون سوائے تباہی و بربادی کے کچھ نہیں ہے۔ اس لئے نوجوان جلوس کے دوران غیر ضروری جذبات میں کسی بھی مذہب کو ٹھیس پہنچانے کے نعروں سے احتیاط کریں اور اس دس روزہ تقریبات کو پرامن طریقہ سے اختتام کو پہنچانے میں پولیس سے تعاون کرتے ہوئے گنگا جمنی تہذیب کی ایک مثال قائم کریں۔