ریاض 🙁 کے این واصف) علیگڈھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز اسوسی ایشن (اموبا) ریاض کے نومنتخب صدر ڈاکٹر انعام اللہ بیگ نے ایک شاندار تقریب میں اپنے کابینی اراکین کے ساتھ عہدے کا جائزہ حاصل کیا۔ اس تقریب کی صدارت اموبا کے پہلے صدر و صاحب خیر ڈاکٹر ندیم ترین نے کی۔ نو منتخب اراکین میں محمد عبدالخلاق نائب صدر، ڈاکٹر سید احد مرتضیٰ علوی جنرل سکریٹری، محمد سراج الدین اور محمد اقبال عابد خازن جبکہ ارکان عاملہ میں مرزا ظہیر بیگ، محمد رضوان بیگ، احمد اسرار خاں اور فیض ارشد خاں شامل تھے۔تقریب کا آغاز حافظ و قاری عمار جاوید خاں کی قرأ ت کلام پاک سے ہوا۔ ریاض میں علیگز کمیونٹی کی معروف و متحرک شخصیت تقی الدین میر نے نظامت کی اور اپنے ابتدائی کلمات کے بعد سبکدوش ہونے والی کمیٹی کے اراکین کو اسٹیج پر مدعو کیا۔ صدر ابرار حسین نے اپنی دوسالہ کارکردگی کی رپورٹ پیش کی اور اپنی معیاد انھیں حاصل تعاون کا شکریہ ادا کیا۔ ان کے علاوہ جنرل سکریٹری مرغوب محسن اور شعبہ خواتین کی نمائندہ مسز افراء العارفین نے بھی مخاطب کیا۔ الیکشن کمشنر عبدالغفار نے بھی اپنی رپورٹ پیش کی۔ جس کے بعد نومنتخب کمیٹی نے جائزہ حاصل کیا۔ جنرل سکریٹری ڈاکٹر احد مرتضیٰ علوی نے خیر مقدم کیا۔ نومنتخب صدر انعام اللہ بیگ نے اپنے خطاب کہا کہ ان پہلی ترجیح علیگز برادری میں اتحاد قائم کرنا اور انھین متحرک کرنا ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ ترقی اور کامیابی اتحاد ہی میں مضمر ہے۔ریاض کے مضافات میں واقع ایک وسیع فنکشن ہال میں منعقد اس تقریب میں مرد و خواتین علیگز کی ایک بڑی تعداد کے علاوہ ریاض کی سماجی تنظیموں نے بھی شرکت کی۔ تقی الدین میر نے دلچسپ انداز میں نظامت کی۔ نائب صدر محمد عبدالخلاق کے ہدیہ تشکر پر تقریب کا اختتام عمل میںآیا۔