امیت شاہ اور جونیئر این ٹی آر کی ملاقات غیر سیاسی: کشن ریڈی

   


این ٹی آر کے سیاسی سفر اور تلگو فلموں پر بات چیت ، 20 منٹ تک تنہائی میں ملاقات
حیدرآباد ۔22۔اگست (سیاست نیوز) مرکزی وزیر سیاحت و کلچر جی کشن ریڈی نے وضاحت کی ہے کہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اور جونیئر این ٹی آر کے درمیان ملاقات سے سیاست کا کوئی تعلق نہیں ہے ۔ امیت شاہ نے جونیئر این ٹی آر کو ملاقات کیلئے ڈنر پر مدعو کیا تھا ۔ اس ملاقات کے کوئی سیاسی مقاصد نہیں ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کشن ریڈی نے بتایا کہ دونوں کے درمیان تلگو فلموں اور فلم انڈسٹری کے بارے میں تفصیل سے بات چیت ہوئی ۔ کشن ریڈی کے مطابق امیت شاہ کو جونیئر این ٹی آر نے تلگو فلموں کی تاریخ اور اپنے دادا آنجہانی این ٹی راما راؤ کی فلموں اور ان کے فلمی کیریئر کے بارے میں تفصیلات سے واقف کرایا۔ جونیئر این ٹی آر نے کہا کہ وہ ایک عظیم فلمی شخصیت کی وراثت پر فخر محسوس کرتے ہیں۔ کشن ریڈی کے مطابق امیت شاہ نے این ٹی راما راؤ کی جانب سے تلگو دیشم پارٹی کے قیام اور متحدہ آندھراپردیش میں کم عرصہ میں اقتدار حاصل کرنے کے بارے میں سوالات کئے۔ جونیئر این ٹی آر نے قومی سطح پر این ٹی آر کے سیاسی رول اور نیشنل فرنٹ کے قیام کی تفصیلات سے امیت شاہ کو واقف کرایا۔ کشن ریڈی نے آندھراپردیش کے وزیر کے نانی کے اس بیان پر کوئی تبصرہ نہیں کیا جس میں انہوں نے کہا کہ امیت شاہ اور جونیئر این ٹی آر کی ملاقات سیاسی نوعیت کی ہے۔ واضح رہے کہ کل شام نئی دہلی واپسی سے قبل امیت شاہ اور جونیئر این ٹی آر کے درمیان 45 منٹ تک بات چیت رہی اور 20 منٹ دونوں نے تنہائی میں ملاقات کی۔ یہ ملاقات سیاسی حلقوں میں موضوع بحث بن چکی ہے۔ بی جے پی نے اس ملاقات کو غیر سیاسی قرار دینے کی کوشش کی ہے اور کشن ریڈی اسے خیر سگالی ملاقات قرار دے رہے ہیں۔ر