حیدرآباد : 4 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ کے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے چہارشنبہ کو دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں ریاست سے متعلق اہم سلامتی کے مسائل اور پولیس محکمہ سے متعلق اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیف منسٹر کے ساتھ پرنسپل سیکریٹری وی سیشادری، ریاست کے ڈی جی پی بی شیودھر ریڈی، انٹلی جنس ایڈیشنل ڈی جی پی وجئے کمار، ایس آئی بی آئی جی بی سومتی اور دیگر افسران موجود تھے۔ چیف منسٹر نے مرکزی وزیر داخلہ کو ریاست میں نظم و نسق کی برقراری کیلئے حکومت کی پالیسیوں کی تفصیل بتائی۔ ایگل فورس کی کارروائیوں اور تلنگانہ سائبر سیکیورٹی بیورو کی سائبر جرائم کیخلاف فعال کردار کو خاص طور پر اجاگر کیا۔حیدرآباد ، سائبر آباد اور ملکاجگیری کمشنریٹس کی حالیہ دوبارہ تنظیم اور نئی فیوچر سٹی کمشنریٹ کے قیام کے بارے میں بھی آگاہی دی۔ اس تناظر میں تلنگانہ کے لیے مزید آئی پی ایس افسران کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے آئی پی ایس کیڈرز کی تعداد بڑھانے کی اپیل کی۔ حیدرآباد کی تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کی وجہ سے انتظامی سہولیات کے لیے اضافی آئی پی ایس افسران کی فوری ضرورت ہے، اس سلسلے میں مرکزی وزیر داخلہ سے مثبت فیصلہ کرنے کی اپیل کی گئی۔ اسی طرح حال ہی میں روپوش ماوسٹ لیڈرس کی خودسپردگی کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔گزشتہ دوسالوں میں تلنگانہ میں کل 591 ماؤیسٹوں نے ہتھیار ڈال دیئے۔
کئی اعلیٰ ماوسٹ لیڈرس کے عام زندگی گزارنے کی طرف راغب ہونے کو مثبت پیش رفت قرار دیا اور انہیں فراہم کی جا رہی سہولیات کا ذکر کیا۔ پسماندہ علاقوں میں ترقیاتی کاموں کے لیے مرکز سے مدد پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ب
چیف منسٹر ریونت ریڈی دہلی پہنچ گئے
راجیہ سبھا کے کانگریس امیدواروں کا کسی بھی لمحہ اعلان
حیدرآباد ۔4 ۔ مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ میں راجیہ سبھا کی دو نشستوں کیلئے کانگریس امیدواروں کے مسئلہ پر تجسس برقرار ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی ہائی کمان کی دعوت پر نئی دہلی پہنچ گئے اور وہ صدر کانگریس ملکارجن کھرگے اور قائد اپوزیشن راہول گاندھی کے علاوہ جنرل سکریٹری کے سی وینو گوپال سے مشاورت کرتے ہوئے امیدواروں کے ناموں کو قطعیت دیں گے۔توقع ہے کہ ہائی کمان کسی بھی لمحہ امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردے گا کیونکہ کل 5 مارچ پرچہ نامزدگی کے ادخال کی آخری تاریخ ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کانگریس ہائی کمان نے ایک نشست پر ابھیشک منو سنگھوی کو دوبارہ نامزد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ دوسری نشست کے لئے 16 دعویداروں میں سے کسی ایک کا انتخاب کیا جائے گا۔ تلنگانہ کے کانگریس قائدین دونوں نشستوں پر ریاستی قائدین کو موقع دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں ۔ وہ چاہتے ہیں کہ ابھیشک منو سنگھوی کو ٹاملناڈو سے امیدوار بنایا جائے۔ اسی دوران صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ کا دورہ دہلی لمحہ آخر میں ملتوی ہوگیا۔ کانگریس ہائی کمان نے ریونت ریڈی اور مہیش کمار گوڑ کو دہلی طلب کیا تھا لیکن لمحہ آخر میں مہیش کمار گوڑ کو دہلی آنے سے روک دیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ فون پر میناکشی نٹراجن اور مہیش کمار گوڑ سے مشاورت کی جائے گی۔1