امیت شاہ نے دہلی پولیس کے یوم تاسیس پر کئی پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھا

   

نئی دہلی، 16 فروری (یو این آئی) امور داخلہ کے مرکزی وزیر امیتشاہ نے پیر کو دہلی پولیس کے 79 ویں یوم تاسیس کی تقریب میں شرکت کی اور دہلی پولیس کے دس نئے پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھا۔مسٹر شاہ نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ‘سیف سٹی پروجیکٹ’ کے پہلے مرحلے کا افتتاح کر دیا گیا ہے ۔ تقریباً 857 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کردہ جدید ‘انٹیگریٹڈ کمانڈ، کنٹرول، کمیونیکیشن اینڈ کمپیوٹر سنٹر دہلی کے عوام کے نام وقف کر دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گیارہ ضلعی سطح کے سی3 آئی مراکز اور پچھہتر تھانہ سطح کی سی2 آئی اکائیوں کو اس نظام کے ساتھ مربوط کیا جائے گا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ دہلی کو 10,000 کیمروں سے جوڑنے کے پروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں 2,100 کیمروں کو ‘لائیو’ جوڑا جا چکا ہے ۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ سیف سٹی پروجیکٹ آئندہ دنوں میں دہلی کی سکیورٹی میں کافی حد تک اضافہ کردے گا۔ مسٹر شاہ نے کہا کہ گزشتہ 11 برسوں میں وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں ملک نے کئی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ پارلیمنٹ سے منظور شدہ تین نئے فوجداری قوانین کو تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی۔