امیت شاہ کا 14 فروری کو کرائیکل میں انتخابی ریالی سے خطاب

   

چینائی فروری (یو این آئی) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ 14 فروری کو مرکز کے زیر انتظام ریاست پڈوچیری کے علاقے کرائیکل میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کریں گے ۔ اس ریلی میں شاہ کے ساتھ این ڈی اے اتحاد کی حلیف جماعتیں، بشمول وزیر اعلیٰ این رنگاسامی کی قیادت والی برسراقتدار آل انڈیا این آر کانگریس اور اے آئی اے ڈی ایم کے کے قائدین بھی شریک ہوں گے ۔ تمل ناڈو اور پڈوچیری میں آئندہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر انتخابی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔ ریالی کیلئے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ ہفتہ کے روز کرائیکل کے میونسپل گراؤنڈ میں ریلی کے مقام پر اسٹیج اور پنڈال کی تعمیر کے لیے ‘بھومی پوجا’ کی گئی۔ اس تقریب میں پڈوچیری اسمبلی کے اسپیکر آر سیلوم اور پڈوچیری بی جے پی کے انچارج نرمل کمار سورانا نے بطور مہمان شرکت کی۔ پوجا کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے سورانا نے کہا کہ اس مہم کا مقصد کرائیکل کی تمام پانچ اسمبلی نشستوں پر این آر کانگریس اور بی جے پی اتحاد کی جیت کو یقینی بنانا ہے ۔