دہلی کے فساد زدہ علاقوں میں امن کوبگاڑنے کی کوشش ، نالے سے مزید 4 نعشیں برآمد، فساد کی افواہوں کے بعد میٹرو اسٹیشن بند
کولکتہ / نئی دہلی ۔ یکم / مارچ (سیاست ڈاٹ کام) دہلی فساد کے بعد اشتعال انگیز تقاریر کا سلسلہ جاری ہے ۔ کولکتہ کے قلب میں وزیر داخلہ امیت شاہ کی ریالی کے دوران ’’گولی مارو‘‘ کے نعرے گونج اٹھے ۔ یہ ریالی متنازعہ قانون شہریت ترمیمی قانون کی حمایت میں منعقد کی گئی تھی ۔ امیت شاہ نے چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی پر الزام عائد کیا کہ وہ تشدد بھڑکارہی ہیں اور اس قانون کو روکنے کیلئے ٹرینوں کو روک رہی ہیں ۔ ریالی کے مقام سے ملنے والی ویڈیو میں بتایا گیا ہے کہ زعفرانی لباس میں ملبوس افراد بی جے پی کے پرچموں کو لہراتے ہوئے ’’دیش کے غداروں کو گولی مارو سالوں کو‘‘ نعرے لگارہے ہیں ۔ ممتابنرجی کے بھتیجے ابھیشیک بنرجی نے امیت شاہ پر شدید تنقید کی اور کہا کہ انہیں کولکتہ میں فساد بھڑکانے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ وزیر داخلہ کو دہلی کے فساد زدہ علاقوں میں امن قائم کرنے کی کوشش کرنی چاہئیے ۔ دارالحکومت دہلی میں گزشتہ ہفتہ رونما ہونے والے فساد میں ہلاکتوں کی تعداد دن بہ دن بڑھ رہی ہے ۔ اس کے باوجود ملک بھر میں نفرت انگیز تقاریر اور نعروں کا سلسلہ تھما نہیں ہے ۔ اتوار کو کولکتہ کے مرکز میں نکالی گئی ایک سیاسی ریالی کے دوران بی جے پی کارکنوں نے اشتعال انگیز نعرے لگائے ۔ امیت شاہ نے ریالی سے خطاب کے دوران کہا کہ شہریت کے قانون کو واپس نہیں لیا جائے گا اور اس قانون سے کسی کا نقصان نہیں ہوگا ۔ ایک طرف امیت شاہ نے اپنے خطاب کے دوران چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی کو تنقید کا نشانہ بنایا تو دوسری طرف ممتابنرجی کے بھتیجے ابھیشیک بنرجی نے بھی ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ بنگال میں پرچار کرنے کے بجائے آپ کو اپنے ناک کے نیچے ہونے والے دہلی فسادات میں ہلاک 50 جانوں کے بارے میں وضاحت کرنے اور معافی مانگنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مسٹر شاہ بنگال اس نفرت اور تعصب کے بغیر ہی بہتر ہے جو بی جے پی پھیلانے کی کوشش کررہی ہے ۔ ہفتہ کے دن بھی دہلی کے راجیو چوک میٹرو اسٹیشن پر کچھ افراد نے غداروں کو گولی مارو کے نعرے بلند کئے تھے ۔ دہلی پولیس نے نعرے لگانے والے 6 افراد کو فوری گرفتار کرلیا تھا ۔ دہلی فسادات سے قبل بی جے پی کے کئی قائدین کی جانب سے نفرت انگیز تقاریر کی جارہی ہیں ۔ چیف منسٹر اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ اور مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے غداروں کے خلاف گولی کے استعمال کی پرزور وکالت کی تھی ۔ یوگی آدتیہ ناتھ نے اسمبلی انتخابات سے قبل شاہین باغ کے احتجاجیوں کو نشانہ بنایا تھا ۔ دہلی فسادات میں مرنے والوں کی تعداد 50 سے تجاوز ہوگئی ہے ۔ فسادات سے متاثرہ علاقوں میں آج اتوار کو مزید چار نعشیں برآمد ہوئی ہیں ۔ ایک نعش گوکل پوری میں ایک نالے سے ملی ہیں جبکہ دیگر تین نعشیں کنال سے ملی ہیں ۔ 4 روز تک جاری رہنے والے فساد میں سینکڑوں افراد زخمی ہوئے ہیں ۔ مغربی بنگال میں آنے والے میونسپل انتخابات کیلئے بی جے پی کی مہم کاآغاز کرتے ہوئے امیت شاہ نے آج صبح کولکتہ پہنچ کر ریالی سے خطاب کیا ۔ دہلی کے فساد زدہ علاقوں میں امن قائم ہورہا ہے ۔ عوام نے شکایت کی ہے کہ فسادات کے بعد یہاں کے بینک بند ہیں اور اے ٹی ایم بھی بند رکھے گئے ہیں ۔ انہیں پیسوں کی قلت کا سامنا ہے ۔ دہلی پولیس نے کہا کہ اس نے 254 ایف آئی آر درج کئے ہیں اور 903 افراد کو تشدد کے سلسلے میں گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ آرمس ایکٹ کے تحت 41 کیسیس بھی درج رجسٹر کئے ہیں ۔ گزشتہ تین دن سے شمال مشرقی دہلی میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا ۔ مغربی دہلی کے کئی علاقوں میں تشدد کی افواہوں کے بعد کشیدگی پیدا ہوئی ۔ کئی میٹرو اسٹیشنوں کو بند کردیا گیا ۔ سری سری روی شنکر نے فساد سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور عوام سے ملاقات کی ۔