کولکتہ : مغربی بنگال کے بولپور دورے کے دوران مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی میزبانی کرنے والے لوک فنکار باسو دیب داس بادل نے کہا ہے کہ مرکزی وزیر داخلہ سے وہ بات کرنا چاہتے تھے مگر ان سے کسی نے بھی بات نہیں کی ہے اور نہ ہی میری مشکلات کو سنا۔خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے مرکزی وزیر داخلہ مغربی بنگال کے دوروزہ دورے کے دوران شانتی نکیتن میں لوک فنکار باسودیب داس بادل کے گھر دوپہر کا کھانا کھایا تھا اور اس کے بعد لوگ گیت کا لطف لیا تھا ۔باسودیب بادل کے گانے کی تصاویر اور ویڈیوز کو مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اور بی جے پی نے اپنے ٹوئیٹر ہینڈل پر شیئر کیا تھا ۔جسے سیکڑوں بی جے پی لیڈروں نے شیئر کیا تھا ۔مگر امیت شاہ کی میزبانی کرنے کے محض تین دنوں بعد ہی لوک فنکار باسو دیب داس بادل نے ترنمول کانگریس لیڈر اور بیر بھوم ضلع ترنمول کانگریس کے صدر انوبرتا منڈل سے ملاقات کی ۔اس ملاقات کے بعد ہی بادل نے کہا کہ ‘امیت شاہ جی کو بتانے کے لئے میرے پاس بہت کچھ تھا ، جو اتنے بڑے شخص ہیں۔ میری خواہش تھی کہ میں اپنی بیٹی کی اعلی تعلیم کے لئے فنڈ اورمالی پریشانیوں سے متعلق ان کوبتائوں ۔حال ہی میں میری بیٹی نے ایم اے پاس کیا ہے مگر وہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنا چاہتی ہے ۔میں اس سے متعلق انہیں بتانا چاہتا تھا۔لیکن امیت شاہ جی نے مجھے اس کا موقع ہی نہیں دیا۔