امیت شاہ کے خلاف ریمارکس پر عدالت سے راہول گاندھی کو راحت

   

رانچی: جھارکھنڈ ہائی کورٹ نے کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی کو بی جے پی کے سابق صدر امیت شاہ کے خلاف ان کے ریمارکس سے متعلق ایک معاملے میں راحت دی ہے۔ عدالت نے اس معاملے میں راہول گاندھی کے خلاف رانچی سیول کورٹ کی طرف سے جاری نوٹس پر روک لگا دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی راہول کیخلاف کسی بھی قسم کی کارروائی پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ بی جے پی لیڈر نوین جھا کی جانب سے سیول کورٹ میں راہول کے خلاف شکایت درج کروائی گئی تھی۔ اس سے پہلے جھا نے راہول کو ایک قانونی نوٹس بھیجا تھا جس میں ان سے اپنے ریمارکس پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا تھا ۔2019 میں کانگریس کے اجلاس میں راہول نے کہا تھا کہ کانگریس میں قاتل قومی صدر نہیں بن سکتا، لیکن بی جے پی میں یہ ممکن ہے۔ عدالت نے شکایت کا نوٹس لیا اور4 فروری کو سیول کورٹ میں اس معاملے کی سماعت ہوئی ۔
جھارکھنڈ ہائی کورٹ کے جج جسٹس امبوج ناتھ کی عدالت نے جمعہ کی سماعت میں راہول گاندھی کے خلاف کارروائی اور سیول کورٹ کے نوٹس پر روک لگا دی۔ اگلی سماعت17 فروری کو ہوگی۔ راہول گاندھی کی طرف سے ایڈوکیٹ پیوش چتریش اور ایڈوکیٹ دیپانکر رائے پیش ہوئے۔