ممبئی : 3 اکٹوبر ( یو این آئی)مہاراشٹر میں سیاسی بیان بازیوں کا دور تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ ایک طرف شیوسینا (یو بی ٹی) اور ایکناتھ شندے کی شیوسینا کے درمیان خوب بیان بازیاں ہو رہی ہیں، اور دوسری طرف شیوسینا (یو بی ٹی) مرکز کی مودی حکومت کو بھی مستقل ہدف تنقید بنا رہی ہے۔ اب شیوسینا (یو بی ٹی) رکن پارلیمنٹ سنجے راوت نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو نشانے پر لیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ امت شاہ کی مدت کار میں راونوں کی تعداد بڑھ گئی ہے۔ یعنی جب سے امیت شاہ نے وزیر داخلہ کا عہدہ سنبھالا ہے، تب سے راوَن کے نظریہ والے لوگوں کی تعداد سیاست میں بڑھ گئی ہے۔سنجے راوت نے گزشتہ روز دسہرہ پر مہاراشٹر میں ہو رہی بارش کا ذکر کرتے ہوئے کہا ’’لوگ تذبذب میں تھے کہ ہم راون کو جلائیں کیسے؟ اب تو راون کو ڈبانا پڑے گا۔ میں نے کہا ڈبائیے۔‘‘سنجے راوت نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مذکورہ بالا بیان دیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی پارٹی کے اقتدار میں آنے کے بعد سے کئی راون پیدا ہو گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی اب سچ بولنے والوں کی تعداد کم ہو گئی ہے۔