بالی ووڈ کے مشہور اداکار امیتابھ بچن آج ایسے مقام پر ہیں ، جہاں ہر کوئی ان کا گرویدہ ہے ۔ امیتابھ بچن کے انداز سے لے کر ان کی فلمیں شاید ہی کسی کو پسند نہیں ہوں گی ۔ بالی ووڈ کے بگ بی آج اپنا 77 واں یوم پیدائش منارہے ہیں ۔ ہر مرتبہ کی طرح اس مرتبہ بھی امیتابھ بچن کے بنگلے کے باہر مداحوں کی زبردست بھیڑ ہے ، لیکن اس مرتبہ امیتابھ بچن اپنے یوم پیدائش کو انتہائی سادگی کے ساتھ منائیں گے ۔ ان کے یوم پیدائش کے موقع پر ہم آپ کو ان سے وابستہ ایک دلچسپ بات بتانے جارہے ہیں ۔ کیا آپ کو معلوم ہے کہ امیتابھ بچن سال میں دو مرتبہ اپنا یوم پیدائش مناتے ہیں ؟
امیتابھ بچن کے یہ دو یوم پیدائش کسی سلیبریشن نہیں بلکہ ایک خاص وجہ سے منائے جاتے ہیں ۔ آج کے دن یعنی 11 اکتوبر کو امیتابھ بچن کا جنم ہوا تھا وہیں ان کے دوسرے یوم پیدائش یعنی دو اگست کو امیتابھ بچن کا دوسرا جنم ہوا تھا ۔ دراصل 1982 میں فلم قلی کی شوٹنگ کے دوران ایک حادثہ پیش آگیا تھا ۔ ایک ایکشن سین تھا جو امیتابھ بچن کے ڈوپلیکیٹ پر فلمایا جانا تھا ، لیکن اس سین کو امیتابھ نے خود ہی کرنے کا فیصلہ کیا۔
سین میں انہیں ٹیبل سے زمین پر گرنا تھا ۔ جیسے ہی وہ ٹیبل سے نیچے گر رہے تھے ، ٹیبل کا ایک کونا ان کی پیٹ میں لگ گیا ، جس کی وجہ سے ان کی تلی پھٹ گئی ۔ تلی پھٹ جانے کی وجہ سے امیتابھ بچن کے جسم سے اچانک کافی خون بہنے لگا ۔ امیتابھ درد سے کراہ رہے تھے اور ان کے آس پاس کے لوگ کسی طرح انہیں اسپتال لے جانے کی کوشش کررہے تھے ۔
امیتابھ بچن کو ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں داخل کرایا گیا ، جہاں سرجری کے ذریعہ ان کے جسم سے زخمی تلی کو نکال دیا گیا ۔ اس کے بعد بھی امیتابھ بچن کی حالت سنگین بنی رہی ۔ بتایا جاتا ہے کہ امیتابھ کچھ منٹوں کیلئے جیسے پوری طرح مردہ ہی ہوگئے تھے اور پھر ڈاکٹرس نے امیتابھ کے دل میں ایڈرینل انجکشن دیا اور دیکھتے ہی دیکھتے وہ ہوش میں آگئے ۔
اس حادثہ کے بعد تو اس کو امیتابھ بچن کا دوسرا جنم ہی مان لیا گیا ۔ آج بھی قریبی لوگ امیتابھ کو دو اگست پر جنم دن کی مبارکباد دیتے ہیں۔