امیدوار کے اخلاق وکردار کو دیکھ کر ووٹ کا استعمال کریں

   

کانگریس امیدوار انجن کمار یادو کا انتخابی جلسہ ، ایم ششی دھر ریڈی کا خطاب
حیدرآباد۔/10اپریل، ( پریس نوٹ ) کسی بھی لیڈر کو ووٹ دینے سے پہلے اس کا سابقہ ریکارڈ، اس کے اخلاق و کردار کی جانچ کرلینا بہت ضروری ہے۔ کہیں آپ کا ووٹ کسی بدکردار اور غنڈہ لیڈر کو جاتا ہے تو 5 سالوں تک وہاں کی عوام کو پریشانی اور خوف کے ماحول میں گزارنے پڑیں گے۔ ان خیالات کا اظہار حلقہ اسمبلی صنعت نگر کے سابق رکن اسمبلی و سابق وائس چیرمین قومی محکمہ آفات سماوی حکومت ہند مری ششی دھر ریڈی صنعت نگر میں منعقدہ اجلاس سے کیا۔ حلقہ لوک سبھا سکندرآباد کے کانگریس امیدوار ایم انجن کمار یادو کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس میں حلقہ اسمبلی صنعت نگر اے بلاک صدر شیخ غوث، بی بلاک صدر ستیہ نارائنہ، سینئر کانگریس قائدین محمد عثمان، نریندر ، رمیش ، سابق کارپوریٹر ایوب خاں کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے۔ ایم ششی دھر ریڈی نے کہا کہ ریاستی وزیر تلاسانی سرینواس یادو کے فرزند و حلقہ سکندرآباد کے لوک سبھا کے ٹی آر ایس امیدوار تلاسانی سائی کرن یادو پر سابق میں کئی مقدمات درج تھے، جبکہ سائی کرن نے ایک خانگی ٹی وی چینل کوانٹرویو دیتے ہوئے بتایا تھا کہ وہ 8 سالوں تک بیرون ممالک مقیم تھے۔ کیونکہ ان کے والد کو خوف تھا کہ اس دوران ان کا لڑکا سائی کرن یادو اپنے والد کی وزارت کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے عوام کو نہ ستائے۔ ششی دھر ریڈی نے کہا کہ ایک باپ کو اپنے بیٹے پر بھروسہ نہیں تو پھر عوام کس طرح سائی کرن یادو پر بھروسہ کریں گے؟ سینئر کانگریس قائد نے بتایا کہ ٹی آر ایس امیدوار سائی کرن یادو پر سابق میں اغواء ، لوٹ مار اور عوام کو ڈرانے دھمکانے جیسے سنگین مقدمات درج کئے گئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ باپ کے کارناموں پر مشتمل ، الیکشن کمیشن کو ایک یادداشت بھی پیش کی گئی۔ ششی دھر ریڈی نے بتایا کہ وزیر سرینواس یادو ، بیگم پیٹ کے مسلمانوں کو قبرستان کی زمین فراہم کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے تاحال انہیں دھوکہ میں رکھا۔ ششی دھر ریڈی نے مزید بتایا کہ ان کے والد و سابق وزیر اعلیٰ مری چنا ریڈی نے انہیں ہمیشہ اچھی تعلیم و تربیت دی ہے، جس کی وجہ سے وہ پچھلے کئی سالوں سے عوام کی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر مری چنا ریڈی نے اقلیتوں کی ترقی اور بہبود کیلئے کئی ایک اقدامات کئے تھے۔ سٹ ون قائم کرتے ہوئے اقلیتوں کو خود مکتفی بنانے کیلئے مثالی کارنامہ انجام دیا۔ جس سے اقلیتیں آج بھی مستفید ہورہے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سکندرآباد لوک سبھا کے امیدوار کانگریس ایم انجن کمار یادو کو بھاری اکثریت سے کامیاب بناکر راہول گاندھی کو وزیر اعظم بنانے کیلئے راہ ہموار کریں۔