امیدپورٹل کے ڈیڈلائن میں توسیع ناگزیر

   

مزید6ماہ کی مہلت دی جائے ۔ نظام آباد مسلم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کامطالبہ

نظام آباد: 4؍ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شہر نظا م آباد کے بیت المال نظام آباد میں آج مسلم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے قائدین سید یحییٰ ظفر، محمد افضل الدین، مولانا عابد قاسمی، ارشد متین و دیگر نے پریس کانفرنس سے مخاطب کرتے ہوئے بتایا کہ وقف بورڈ کی تفصیلات امید پورٹل میں اپلوڈ کرنے کی آخری تاریخ 5 / دسمبر ہے۔ ان قائدین نے مرکزی حکومت سے امید پورٹل میں وقف جائیدادوں کے اندراج کیلئے ایک سال تک توسیع کرنے کا مطالبہ کیا۔مسلم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے قائدین نے بتایا کہ تاحال ضلع نظام آباد میں مساجد 80، قبرستان و درگاہ 90، عیدگاہ 70، عاشور خانہ 80، چھلے 80، زرعی زمین 40، شادی خانے 10، ملگیات 3، گھر 5، کمیٹی ہال 3، مسافر خانہ 2کا امید پورٹل میں اندراج کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ شہر نظام آباد کے علاوہ بودھن، کاماریڈی، آرمور، بانسواڑہ، نوی پیٹ،بانسواڑہ، نندی پیٹ، بھیمگل و دیگر مقامات پر شعور بیداری کی گئی اور یہاں پر وقف جائیدادوں کا اندراج کا سلسلہ جاری ہے۔ سید یحییٰ ظفر نے بتایا کہ اگر ڈیڈ لائن میں توسیع نہ ہوئی تو ان کی جائیدادیں پورٹل کی فہرست میں شامل نہیں ہو پائیں گی۔ متولیوں کو یہ فکر لاحق ہے کہ اگر بروقت انٹری نہ ہو سکی تو کیا ان کی مسجد رجسٹرڈ ہی رہے گی؟ اس خدشے کے خاتمے کے لیے کم از کم چھ ماہ یا ایک سال کی مہلت د ینے کا مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا۔ مسلم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے قائدین نے اپیل کی کہ جو حضرات مساجد،قبرستان، درگاہیں، عاشور خانے، چھلے و دیگر کا اندراج نہیں کرائے ہیں بیت المال ٹیلیفون کالونی نظام آباد پہنچ کر امید پورٹل میں اندراج کراسکتے ہیں۔ اس موقع پر محمد افضل الدین نے بتایا کہ شہر نظام آباد کے سابق وقف بورڈ صدر ماجد خان نے اپیل کی تھی کہ ضلع نظام آباد کی تمام جائیدادوں کی تفصیلات حاصل کرنے کی اپیل کی تھی اورضلع نظام آباد کے وقف جائیدادوں کی تفصیلات مسلم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کو فراہم کی ہے۔ محمد افضل الدین نے بتایا کہ دیہاتوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے خواہش کی کہ وہ وقف جائیدادوں کی تفصیلات معلوم کرنے کیلئے سابق وقف بورڈ صدر ماجد خان سے ربط کرتے ہوئے وقف جائیدادوں کی تفصیلات حاصل کرنے کی اپیل کی۔ آخر میں محمد ادریس خان، فیروز کی خدمات پر ان کی شالپوشی کرتے ہوئے تہنیت پیش کی گئی۔