نئی دہلی : امیش پال قتل کیس کے ملزم گڈو مسلم عرف بمباز گڈو کو مہاراشٹرا کے ناسک سے گرفتار کیا گیا ہے۔ یہ گرفتاری اتوار 16 اپریل کو عمل میں آئی۔ اتر پردیش پولیس کی ایک خصوصی ٹاسک فورس ٹیم نے مہاراشٹرا پولیس کے ساتھ مل کر اس کارروائی کو انجام دیا۔ یوپی پولیس ایس ٹی ایف ناسک شہر کے کئی مقامات پر کل رات سے چھاپے مار رہی تھی اور یہ قیاس کیا جا رہا تھا کہ گڈو مسلم شہر کے آس پاس کہیں چھپا ہوا ہے۔ گڈو کو گرفتار کرنے کے بعد پولیس اسے میڈیکل ٹسٹ کیلئے لے گئی۔ گرفتار ملزم گڈو مسلم عتیق احمد گینگ کا رکن ہے جس نے 24 فروری 2023 کو امیش پال کو قتل کیا تھا۔ امیش پال کے قتل کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں گڈو کو بم سے حملہ کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔گڈو مسلم پر 5 لاکھ روپئے کا انعام تھا۔خیال کیا جاتا ہے کہ امیش پال کے قتل کے بعد سے گڈو نے کئی بار اپنا مقام تبدیل کیا ہے۔ اس نے مغربی بنگال، بہار، گجرات کے ساتھ ساتھ دہلی کا بھی سفر کیا اور ایس ٹی ایف مسلسل اس کا پیچھا کر رہی تھی۔ آخرکار گڈو مسلم کو ناسک میں گھیر لیا گیا۔ گڈو پراپرٹی ڈیلر کے طور پر کام کرتا تھا ۔