امیٹھی میں راہول کو امیدوار بنانے کانگریس کارکنان کا مظاہرہ

   

نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 3 مئی ، ووٹنگ 20 مئی کو ہوگی، پارٹی کارکنان مضطرب

امیٹھی: اترپردیش کے امیٹھی پارلیمانی حلقے میں کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی کو امیدوار بنائے جانے کا مطالبہ لے کر مقامی کانگریسی کارکنان دھرنے پر بیٹھ گئے ہیں۔کانگریس کے سنٹرل دفتر گوری گنج میں دھرنے پر بیٹھے کانگریسی کارکنان’امیٹھی مانگے راہول گاندھی’ کا نعرہ لگا رہے ہیں۔ ہاتھ میں نعرے لکھے ہوئے کٹ آوٹ لہرتے ہوئے کانگریس کے لیڈر اور کارکنان اپنی آواز بلند کررہے ہیں۔ اب دیکھنا ہوگا کہ اس کا اثر گاندھی کنبے پر کتنا پڑتا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ نہرو گاندھی کنبے کی روایتی سیٹ امیٹھی میں ابھی تک کانگریس پارٹی نے امیدوار کا اعلان نہیں کیا ہے ۔ گذشتہ کئی مہینوں سے کانگریس کارکنان کے ذریعہ دعوی کیا جارہا تھا کہ راہول گاندھی ہی امیٹھی سے انتخابی میدان میں ہونگے ۔ جیسے جیسے پرچہ نامزدگی کی تاریخ نزدیک آرہی ہے ۔ یہاں کے کانگریسیوں کے صبر کا جواب دے رہا ہے ۔ جس اعتماد سے یہاں کے کانگریس دعوی کررہے تھے کہ راہول گاندھی ہی امیٹھی سے الیکشن لڑیں گے وہ اعتماد اب دھیرے دھیرے ٹوٹنے لگا ہے۔ کانگریس کے ضلع صدر پردیپ سنگھل نے کہا’ ہم لوگ گاندھی وادی طریقے سے اپنے لیڈر کو ایک پیغام دینا چاہتے ہیں کہ اب ہم لوگوں کے صبر کا پیمانہ ٹوٹ رہا ہے ۔ جلد ہی امیٹھی سے گاندھی کنبے کے رکن کو امیدوار بنایا جائے ۔ ہم لوگ پوری امیٹھی گاندھی کنبے کے استقبال کے لئے ت یار ہیں۔ جلد ہی اعلان کیا جائے اور ہم لوگ الیکشن کی سمت میں آگے بڑھیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی دو رائے نہیں ہے کہ گاندھی کنبے کا رکن امیٹھی سے الیکشن نہیں لڑے گا۔ انہوں نے کہا’ہمیں پورا یقین ہے کہ گاندھی کنبے کا ہی کوئی رکن امیٹھی سے الیکشن لڑے گا جس کی اعلان بہت جلد ہوگا۔ کانگریس کے ضلع صدر پردیپ سنگھل سابق ضلع صدر یوگیندر مشر یوتھ صدر شبھم سنگھ کانگریس لیڈر دھرمیندر سمیت درجنوں کانگریس لیڈر دھرنے میں شامل ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ امیٹھی لوک سبھا سیٹ پر پانچویں مرحلے میں آئندہ 20مئی کو ووٹنگ ہونا ہے ۔ نامزدگی کرنے کی آخری تاریخ تین مئی ہے ۔ نامزدگی کو تین دن ہی بچے ہیں۔ ایسے میں کانگریس پارٹی کے ذریعہ امیٹھی میں امیدوار کا اعلان نہ ہونے سے کانگریس کے کارکنان مایوس ہوگئے ہیں اب دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ کانگریس کارکنان کا مظاہرہ کتنا کارگر ہوتا ہے ۔

راہول گاندھی نے مدھیہ پردیش میں انتخابی مہم چلائی
بھوپال: کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے آج مدھیہ پردیش کے بھنڈ پارلیمانی حلقہ میں کانگریس امیدوار کی حمایت میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کیا۔کانگریس کی طرف سے دی گئی اطلاع کے مطابق راہول گاندھی نے صبح بھنڈ ضلع میں انتخابی میٹنگ سے خطاب کیا۔ اس دوران ریاستی کانگریس کے صدر جیتو پٹواری، سابق مرکزی وزیر ارون یادو، امنگ سنگھار، راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ اشوک سنگھ اور ڈاکٹر گووند سنگھ سمیت کئی سینئر لیڈر موجود تھے۔بھنڈ میں لوک سبھا انتخابات کے تیسرے مرحلے میں 7 مئی کو ووٹنگ ہونی ہے ۔