امیگریشن کے عمل کو تیز کرنے ہندوستان کے اہم ایرپورٹس پر منفرد اسکیم کا منصوبہ

   

اوورسیز سٹیزن آف انڈیا اور بیرون ملک ہندوستانی شہریوں کو 7 ایرپورٹس پر سہولت حاصل رہے گی، حیدرآباد ایرپورٹ بھی شامل
حیدرآباد ۔20۔ ستمبر (سیاست نیوز) ملک کے 7 بڑے ایرپورٹس پر امیگریشن کلیئرنس کی عاجلانہ تکمیل سے متعلق پروگرام کا عنقریب آغاز ہوگا۔ ایسے ہندوستانی شہری اور بیرونی ملک میں مقیم ہندوستانی جن کے امیگریشن کی تصدیق پہلے کی جاچکی ہے اور جو اوورسیز سٹیزن آف انڈیا (OCI) کارڈ ہولڈر ہیں، کیلئے جلد ہی ممبئی ، چینائی ، کولکتہ اور دیگر 4 بڑے ایرپورٹس پر اس پروگرام کا آغاز ہوگا۔ فاسٹ ٹریک امیگریشن اور ٹرسٹیڈ ٹراویلر پروگرام کے تحت حکام نے امیگریشن کے عمل کو تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دہلی میں اس پروگرام کا 22 جون کو آغاز ہوا تھا اور انٹرنیشنل ایرپورٹ پر تاحال 18400 ہندوستانیوں اور او سی آئی کارڈ ہولڈرس نے امیگریشن کی تکمیل کیلئے خود کو رجسٹرڈ کرایا ہے۔ حکام کے مطابق ممبئی ، چینائی ، کولکتہ ، بنگلور، حیدرآباد، کوچین اور احمد آباد میں امیگریشن کی عاجلانہ تکمیل سے متعلق فاسٹ ٹریک امیگریشن پروگرام متعارف کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور اس سلسلہ میں ضروری کاموں کی تکمیل کی جارہی ہے۔ مرکزی وزارت داخلہ نے مودی حکومت کے 100 دن کی تکمیل کے موقع پر امیگریشن سے متعلق ایک اہم پروگرام کے آغاز کا فیصلہ کیا۔ اس پروگرام کے تحت 1500 مسافرین کو دہلی میں ای گیٹس کے ذریعہ امیگریشن کلیئرنس دیا جاچکا ہے ۔ حکام کے مطابق ایف ڈی آئی اور ٹی ٹی پی پروگرام کا مقصد بین الاقوامی معیار کے مطابق امیگریشن کی عاجلانہ تکمیل کو یقینی بنانا ہے ۔ ابتدائی مرحلہ میں یہ سہولت ہندوستانی شہریوں اور او سی آئی کارڈ ہولڈرس کو فراہم کی گئی تھی۔ یہ پروگرام امریکہ کے گلوبل انٹری پروگرام کے مماثل ہے جس کے تحت ایسے مسافرین جن کے بارے میں شبہات کی گنجائش نہیں، ان کے امریکہ پہنچنے پر مخصوص ایرپورٹس پر امیگریشن مرحلہ کی عاجلانہ تکمیل کی جاتی ہے۔ اس پروگرام کو ملک کے 21 اہم ایرپورٹس پر متعارف کرنے کی تجویز ہے۔ حکام کے مطابق یہ پروگرام امیگریشن کلیئرنس کیلئے آسان ، تیز رفتار اور محفوظ طریقہ کار ہے۔ اہل مسافرین کو ای گیٹس کے استعمال اور ریگولر امیگریشن کی قطاروں سے بچنے کی سہولت دی جاتی ہے۔ اسکیم سے استفادہ کے لئے اہل افراد آن لائین درخواست دے سکتے ہیں اور اپنے بائیو میٹرکس کو مقررہ درخواست فارم کے ساتھ داخل کرنا ہوگا۔ ایف ٹی آئی رجسٹریشن 5 برسوں تک کارکرد رہے گا۔ مسافرین مذکورہ سہولت کے لیے حکومت کی ویب سائیٹ www.ftittp.mha.gov.in پر درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ بیورو آف امیگریشن کی جانب سے درخواستوں کی جانچ کی جائے گی۔ ایسے مسافرین جن کی درخواستیں قبول کی گئیں، انہیں بائیو میٹرک کے لئے اپائنٹـمنٹ کے شیڈول کی اطلاع میسج کے ذریعہ دی جائے گی۔ مسافرین کو ہندوستان میں مقررہ انٹرنیشنل ایرپورٹس یا بیرونی ملک کے فارنرس ریجنل رجسٹریشن آفس میں بائیو میٹرک دینا ہوگا۔ بائیو میٹرک کے بغیر درخواست کی تکمیل نہیں ہوگی۔ 1