نئی دہلی، 25ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) اناو عصمت دری متاثرہ کو علاج کے بعد آل انڈیاانسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) سے چھٹی دے دی گئی ہے اور متاثرہ اور اس کا کنبہ فی الحال دہلی میں رہے گا۔ متاثرہ کو منگل کو ایمس سے ڈرسچارج کیا گیا۔ تیس ہزاری عدالت نے متاثرہ کے کنبہ کو دہلی میں ہی رہنے کی ہدایت دی ہے ۔ عدالت کی ہدایت کے پیش نظر متاثرہ کنبہ کے ساتھ آئندہ ایک ہفتہ تک ایمس کے جے پرکاش ٹراما سنٹر کے ہوسٹل میں رہے گی۔ ہوسٹل میں متاثرہ کے ساتھ اس کی ماں، دو بہنیں اور بھائی بھی رہیں گے۔ متاثرہ کے کنبہ والوں نے عدالت سے درخواست کی تھی کہ گاوں میں ان کی جان کو خطرہ ہے اور سیکورٹی کے پیش نظر وہ دہلی میں ہی رہنا چاہتے ہیں۔ عدالت نے متاثرہ کے کنبہ کی درخواست پر انہیں دہلی میں رہنے کی ہدایت دی۔معاملہ کی اگلی سماعت 28ستمبر کو ہوگی۔