یوم اطفال کے موقع پر طلبا کی تمثیلی اسمبلی ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی شرکت اور خطاب
حیدرآباد۔14۔نومبر(سیاست نیوز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے طلبہ کی جانب سے منعقدہ تمثیلی اسمبلی اجلاس سے خطاب کے دوران انتخابات میں حصہ لینے کی عمر کو 25 سے گھٹا کر 21 کرنے کے بل پاس کئے جانے کی ستائش کی اور کہا کہ آنجہانی وزیر اعظم راجیو گاندھی نے رائے دہی کی عمر کو 18سال کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور ڈاکٹر منموہن سنگھ کے دور حکومت میں مسز سونیا گاندھی اور ڈاکٹر منموہن سنگھ نے قانون حق تعلیم کے نفاذ کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرکے بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے اور تعلیم یافتہ بنانے اقدامات کئے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ موجودہ معاشرہ میں اس طرح کے تمثیلی اسمبلی پروگرامس کی شدید ضرورت ہے کیونکہ اس طرح کے پروگرامس کے ذریعہ نوجوانوں میں شعور بیداری ہوتی ہے۔انہو ںنے بتایا کہ ایوان اسمبلی کی کارروائی میں قائد ایوان اور قائد اپوزیشن دونوں کو برابر کے حقوق ہوتے ہیں اور اپوزیشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ حکومت سے سوال کرے اور عوامی مسائل کو ایوان میں پیش کرکے ان کے حل کو یقینی بنائیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ موجودہ دور میں بعض گوشوں سے کوشش کی جار ہی ہے کہ کسی بھی طرح سے ایوان کی کارروائی کو ہنگامہ آرائی کی نذر کرکے ملتوی کروایا جائے جبکہ ایوان کی کارروائی اگر جاری رہتی ہے تو کئی عوامی مسائل پر مباحث کو یقینی بنایا جاسکتا ہے ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ حکومت سے اس طرح کے پروگرامس کے ذریعہ طلبہ میں شعور اجاگر کیا جائے گا ۔ انہوں نے انتخابات میں حصہ لینے کی عمر کو 21 سال کرنے کی حمایت کی اور کہا کہ اگر انتخابات میں حصہ لینے کی عمر کو 25 سے گھٹا کر 21 سال کیا جاتا ہے تو نوجوانوں کو سیاست میں داخلہ اور نوجوانوں کی نمائندگی کا موقع میسر آئے گا ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ اپوزیشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوامی مسائل سے حکومت کو واقف کرواتے ہوئے حکومت کی کارکردگی کو تنقید کا نشانہ بنائے لیکن تنقید تعمیری ہونی چاہئے اگر تنقید برائے تنقید رہے تو بہتری نہیں لائی جاسکتی بلکہ ایوان کی کاروائی ہنگامہ آرائی کا شکار ہوجاتی ہے۔ انہوں نے ایوان میں حکومت کی ذمہ داری کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر اپوزیشن سے تنقیدیں کی جاتی رہیں تب بھی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایوان کی کارروائی کو مؤثر انداز میں چلائے۔ چیف منسٹر نے پنڈت جواہر لعل نہرو کے یوم پیدائش ’قومی یوم اطفال‘ کے موقع پر تمثیلی اسمبلی سے خطاب میںجواہر لعل نہرو کی خدمات کو خراج پیش کیا اور کہا کہ جواہر لعل نہرونے تعلیمی و زرعی انقلاب لایا ہے۔3