انتخابات میں وائی ایس آر کانگریس کو ٹی آر ایس کی تائید متوقع

   

حیدرآباد ۔ 11فبروری ( پی ٹی آئی ) تلنگانہ کے چیف منسٹر اور ٹی آر ایس کے صدر کے چندر شیکھر راؤ مئی میں ہونے والے لوک سبھا اور آندھراپردیش اسمبلی انتخابات میں جگن موہن ریڈی کی زیرقیادت وائی ایس آر کانگریس کی تائید کیلئے اس ریاست کے عوام سے اپیل کرسکتے ہیں ۔ حکمراں ٹی آر ایس کے ترجمان عابد رسول خان نے کہا کہ ان کی پارٹی ( ٹی آر ایس ) توقع کرتی ہے کہ وائی ایس آر کانگریس جوابی خیرسگالی کے طور پر کے سی آر کے مجوزہ وفاقی محاذ کی تائید کرے گی ۔ عابد رسول خان نے پی ٹی آئی سے کہا کہ سیکولر قومی اور علاقائی جماعتوں پر مشتمل فرنٹ کا بنیادی نظریہ یہی ہے کہ انتخابات کے بعد یہ جماعتیں اپنے ارکان کی تعداد کے اعتبار سے حکومت سازی کی جائے یا پھر حکومت سازی میں اہم رول ادا کیا جائے ۔ عابد رسول خان نے جگن موہن ریڈی کو ایک حقیقی سیکولر شخص اور غریبوں کا دوست قرار دیا اور کہا کہ انتخابات میں وائی ایس آر کانگریس کے ’’ یقیناً بہتر نتائج برآمد ہوں گے ‘‘ ۔انہوں نے کہا کہ آندھراپردیش میں ایسے کئی افراد ہیں جن کے رشتہ دار تلنگانہ میں رہتے ہیں ، چنانچہ چیف منسٹر کے سی آر کی اپیل کا غیر معمولی اثر ہوسکتا ہے ۔ کے سی آر ایک اچھے ایڈمنسٹریٹر ہیں اور تلنگانہ میں رہنے والے آندھرائی عوام کے ساتھ انہوں نے کبھی کوئی تعصب نہیں کیا ۔ چنانچہ ان ( کے سی آر ) کے اچھے کاموں کا آندھراپردیش میں اچھا اثر ہوگا ۔واضح رہے کہ چندرا بابو نائیڈو تلنگانہ اسمبلی انتخابات میں اپوزیشن کانگریس سے مفاہمت کی تھی ۔