انتخابی اخراجات کی تفصیلات پیش کرنے امیدواروں کو ہدایت

   

۔10جنوری تک تفصیلات کی عدم سربراہی پر کارروائی کرنے کا فیصلہ
حیدرآباد۔/2 جنوری، ( سیاست نیوز) حالیہ اسمبلی انتخابات میں مقابلہ کرنے والے امیدواروں کو اخراجات کی تفصیلات پیش کرنے کی مہلت دی گئی ہے۔ کمشنر بلدیہ مسٹر دانا کشور نے آج اس سلسلہ میں ہدایت جاری کردی۔ انہوں نے امیدواروں کا اجلاس طلب کرتے ہوئے تفصیلات بتائی اور کہا کہ 10جنوری تک امیدواروں کو چاہیئے کہ وہ اپنے انتخابی اخراجات کی تفصیلات کو پیش کریں۔ اس اجلاس میںامیدواروں کے علاوہ ایجنٹس اور مبصرین بھی موجود تھے۔ کمشنر نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کو چاہیئے کہ مقرر کردہ عہدیدار 5جنوری تا 12 جنوری ضلع میں موجود رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار آزاد ہوں یا پھر کسی بھی سیاسی جماعت سے تعلق رکھتے ہوں انہیں چاہیئے کہ وہ اپنے اخراجات کی تفصیلات کو پیش کردیں۔ انہوں نے کہا کہ تفصیلات فراہم نہ کرنے والے امیدواروں کے خلاف عوامی نمائندگی ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی جس کے سبب وہ آئندہ کسی بھی انتخابات میں حصہ لینے کے اہل نہیں رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ انتخابی امیدواروں کی جانب سے انتخابی اخراجات کی پیشکشی میں لاپرواہی ہوسکتی ہے۔ کمشنر بلدیہ نے کہا کہ انتخابات میں پیش کردہ تمام تفصیلات پر دستاویزات کو ڈیجیٹلائز کیا جائے گا اور اس کو حفاظت سے رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہر اسمبلی حلقہ میں متعلقہ عہدیدار اور دیگر عہدیدار جی ایچ ایم سی میں دستیاب رہیں گے۔ انہوں نے امیدواروں سے درخواست کی کہ وہ اپنی تفصیلات کو پیش کردیں۔