تبدیلی کیلئے کانگریس کو ووٹ دیں ۔ اُتم کمار ریڈی
حیدرآباد : صدر پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے دونوں گریجویٹ حلقوں کے کونسل انتخابات کی انتخابی حکمت عملی طئے /14 فبروری کو دونوں حلقوں کے حدود کے پارٹی قائدین کا اجلاس طلب کیا ہے ۔ دوپہر 12 بجے نلگنڈہ ، ورنگل ، کھمم حلقہ کے قائدین کا اور سہ پہر 3 بجے حیدرآباد ۔ رنگاریڈی محبوب نگر حلقہ کے قائدین کا اجلاس طلب کیا ہے ۔ اجلاس میں سابق وزراء ، ارکان پارلیمنٹ سابق ایم پیز ، ارکان اسمبلی سابق ارکان ، ضلعی صدور ، اسمبلی اور لوک سبھا کے امیدواروں ، زیڈ پی ٹی سی ، ایم پی ٹی سی ارکان بلاک و منڈل صدور کو بھی مدعو کیا گیا ہے ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ سماج کے تمام طبقات بالخصوص ملازمت ، طلبہ اور نوجوان حکومت سے ناراض ہیں ۔ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد صرف ایک خاندان کو سیاسی روزگار ملا ہے ۔ بیروزگار نوجوانوں کو کوئی روزگار نہیں ملا ۔ سرکاری ملازمین کو پی آر سی سے محروم کردیا گیا ۔ بیروزگاری بھتہ فراہم کرنے میں حکومت ناکام ہوگئی ۔ کسانوں کے مفادات کو نظرانداز کیا جارہا ہے ۔ کانگریس ‘عوام کے ساتھ ہے اور رہے گی ۔ دونوں حلقوں کیلئے کانگریس نے سینئر و تجربہ کار قائدین کو امیدوار بنایا ہے جو عوامی مسائل کیلئے جدوجہد کرنا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے دونوں حلقوں سے کانگریس امیدواروں کو کامیاب بنانے کی گریجویٹ طبقہ سے اپیل کی ۔