10 لاکھ سے زائد رقم کی ضبطی کے صرف 12 کیس محکمہ انکم ٹیکس کے سپرد
حیدرآباد۔31۔اکٹوبر(سیاست نیوز) تلاشی کے دوران نقد غیر محسوب اثاثہ جات کی ضبطی پر جی ایچ ایم سی حدود میں 128 مقدمات درج کئے گئے تھے جن میں 99 مقدمات کی یکسوئی کی جاچکی ہے اور 10لاکھ سے زائد رقم کی ضبطی کے جملہ 12 معاملات کی تفصیلات محکمہ انکم ٹیکس کے حوالہ کی گئی ہیں ۔ مسٹر ڈونالڈ راس کمشنر جی ایچ ایم سی و ضلع الیکشن آفیسر نے الیکشن کمیشن حکام اور الیکشن کمشنران کے ساتھ ویڈیو کانفرنس میں یہ تفصیلات پیش کی اور کہا کہ انتخابی شیڈول کی اجرائی کے بعد شروع کی گئی کارروائی میں اب تک درج مقدمات کی یکسوئی کے اقدامات کئے جار ہے ہیں اور جائزہ لیا جا رہاہے کہ یہ رقومات جو ضبط کی جا رہی ہیں وہ انتخابی اخراجات کیلئے تھیں یا نہیں جو تجارتی غرض سے لے جائی جا رہی تھیں ان کی واپسی کیلئے اقدامات کئے جار ہے ہیں اور جو رقومات 10 لاکھ سے زیادہ کی ہیں ان کی تفصیلات محکمہ انکم ٹیکس کو روانہ کرکے مقدمہ محکمہ انکم ٹیکس کے حوالہ کیا جا رہاہے۔ مسٹر ڈونالڈ روس نے بتایا کہ اسمبلی انتخابات کیلئے عہدیدار اپنی ذمہ داریوں کا جائزہ لینے لگے ہیں اس کے علاوہ 3 نومبر کو باضابطہ اعلامیہ کی اجرائی کے بعد ریٹرننگ آفیسرس اور ان کے مددگار اپنے دفاتر میں موجود رہیں گے۔ویڈیو کانفرنس کے دوران سینیئر الیکشن کمشنر مسٹرنتیش کمار ویاس نے تلنگانہ انتخابات کے پیش نظر سیکیوریٹی انتظامات و عہدیداروں کی ذمہ داریوں کی تفصیلات کے متعلق آگہی حاصل کی اور کہا کہ تلنگانہ انتخابات کے شفاف انعقاد اور امن وا مان کی برقراری کیلئے ضروری کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔الیکشن کمیشن حکام نے انتخابی ضابطہ اخلاق کے پیش نظر تلاشیوں میں نقد رقومات کی ضبطی سے عوام کو کسی بھی طرح کے مسائل نہیں ہونے چاہئے بلکہ انتخابی عملہ کو عوام کو راحت پہنچانے اقدامات کرنے چاہئے اس کے علاوہ انتخابی عملہ کو عوامی اعتماد حاصل کرکے ان کیلئے راحت پہنچانے کے عمل کا حصہ بنے رہنا چاہئے۔