انتخابی عمل کے دوران 11 ہزار سے زائد مقدمات درج

   

496.63 کروڑ مالیتی اشیاء رقم ضبط، تلنگانہ پولیس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ 2 ڈسمبر (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کی پولیس نے انتخابی عمل کے دوران کارروائی میں 11 ہزار سے زائد مقدمات کو درج کرتے ہوئے 496.63 کروڑ مالیتی اشیاء بشمول نقد رقم کو ضبط کرلیا۔ 9 اکٹوبر سے عائد انتخابی ضابطہ اخلاق کی عمل آوری کے ساتھ ہی پولیس نے اپنی کارروائیوں کا آغاز کیا۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا اور سی ای او اسٹیٹ الیکشن کمیشن کی ہدایت پر کارروائی کرتے ہوئے تلنگانہ پولیس کی جانب سے غیرمعمولی انتظامات کئے گئے اور مستعدی کے دوران پولیس نے 241.52 کروڑ روپئے نقد رقم کو ضبط کیا اور 241 مقدمات درج کئے جبکہ 175.95 کروڑ روپئے مالیتی سونا چاندی اور دیگر زیورات کو ضبط کرلیا اور اس سلسلہ میں 5 مقدمات درج کئے۔ اس طرح پولیس کی جانب سے انتخابات میں شراب اور دولت کے اثر کو روکنے کے اقدامات کے تحت 13.36 کروڑ روپئے مالیتی شراب کو ضبط کیا گیا اور اس سلسلہ میں 11195 مقدمات درج کئے گئے۔ اس کے علاوہ 22.17 کروڑ روپئے مالیتی منشیات کو ضبط کرلیا گیا اور 323 مقدمات درج کئے گئے جبکہ 16.63 کروڑ روپئے مالیتی اشیاء جو مفت میں تقسیم کرنے کیلئے منتقل کی جارہی تھیں، کو ضبط کرتے ہوئے 95 مقدمات درج کئے گئے۔ گذشتہ سال 2018ء کے انتخابات کے مقابل جاریہ سال ضبط شدہ اشیاء کا فیصد 400 گنا زیادہ ہے۔ سال 2018ء کے دوران 103 کروڑ روپئے مالیتی اشیاء کو ضبط کیا گیا تھا۔ع