انتخابی عہدیداروں کی نگرانی میں ویڈیو گرافی کیساتھ پولیس کی تلاشی مہم

   

حیدرآباد۔18۔اکٹوبر(سیاست نیوز) حیدرآباد وسکندرآباد میں مختلف مقامات پر انتخابی عہدیداروں کی نگرانی میں پولیس کے ساتھ جاری تلاشی مہم کے دوران ویڈیو گرافی بھی کی جانے لگی ہے تاکہ کسی بھی طرح کی اشیاء ضبط ہونے پر کاروائی کیلئے ثبوت رہے۔ ریاست میں انتخابات کے شیڈول کیساتھ ہی انتخابی ضابطہ اخلاق کے مؤثر نفاذ کیلئے ریاستی انتخابی عہدیداروں اور عملہ کی جانب سے کی جانے والی کاروائیوں کے دوران مشکلات سے متعلق تاجرین کا کہناہے کہ ریاست تلنگانہ میں شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کیلئے کی جانے والی کاروائیوں کے نام پر تاجرین جو اپنے کاروبار کے بعد رقومات گھر لیجا رہے ہیں انہیں ہراسانی کا سامنا ہے۔ رئیل اسٹیٹ تاجرین جو بھاری رقومات اپنے ساتھ لیجاتے ہیں وہ بھی جگہ جگہ چیک پوسٹ اور تلاشی کے نتیجہ میں مشکل صورتحال اور ہراسانی کی شکایت کر رہے ہیں۔ رئیل اسٹیٹ ‘ شراب کے تاجرین کے علاوہ سونے‘ چاندی کے تاجرین کی جانب سے بھی اس بات کی شکایات کی جا رہی ہیں کہ پولیس کی ہراسانی اور جگہ جگہ تلاشی کے سبب ان کے کاروبار متاثر ہونے لگے ہیں اور شادی بیاہ کی تقاریب کیلئے سونے کی خریدی کیلئے پہنچنے والے گاہک بھی مشکلات کا سامنا کررہے ہیں ۔ بالخصوص دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے علاوہ اضلاع میں جاری تلاشی مہم کے دوران کروڑہا روپئے ضبط کئے جا رہے ہیں اور محکمہ پولیس کے علاوہ انتخابی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ان کی جانب سے کسی بھی طرح کی رعایت نہیں دی جا رہی ہے اور جو غیر محسوب رقومات ضبط کئے جا رہے ہیں انہیں محکمہ انکم ٹیکس کے عہدیداروں کے حوالہ کرنے کے اقدامات اندرون 24 گھنٹے کئے جانے لگے ہیںاور اس کی مکمل تفصیلات الیکشن کمیشن آف انڈیا کو روانہ کی جارہی ہیں تاکہ ریاستی عہدیداروں کو کسی بھی طرح کے الزامات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ عہدیداروں کے مطابق اب تک کی گئی ضبطی میں کسی بھی تاجرنے ان سے اس بات کی شکایت نہیں کی اور نہ ہی عام شہریوں کو الیکشن کمیشن کی ان کاروائیوں سے کوئی تکلیف ہورہی ہے۔