انتخابی مہم کیلئے کے سی آر کو اکھلیش یادو کا تحفہ

   

عصری سہولتوں سے آراستہ گاڑی اتر پردیش سے حیدرآباد پہنچی
حیدرآباد۔/15اکٹوبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے اسمبلی کی انتخابی مہم کیلئے خصوصی گاڑی تیار کی گئی ہے جس کے ذریعہ وہ اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے انتخابی مہم چلائیں گے۔ کے سی آر کیلئے مرسیڈیز بنز کی خصوصی بس تیار کی گئی ہے۔ خصوصی گاڑی پر کے سی آر اور پارٹی کے انتخابی نشان کار کی تصویر اور گلابی رنگ میں ہندوستان کا نقشہ پیش کیا گیا ہے۔ عصری سہولتوں سے آراستہ یہ گاڑی ہائیڈرولک ایلیویٹر سے لیس ہے جس کے ذریعہ چیف منسٹر گاڑی کی چھت پر پہنچ سکتے ہیں اور عوام سے خطاب اور روڈ شو میں عوام کے استقبال کا جواب دے سکتے ہیں۔ گاڑی میں عصری ساونڈ سسٹم اور لائیٹس نصب ہیں۔ اتر پردیش کے رجسٹریشن نمبر سے یہ گاڑی ہے جو بتایا جاتا ہے کہ کے سی آر کو سماج وادی پارٹی قائد اکھلیش یادو کی جانب سے تحفہ ہے۔ اتر پردیش کے چناؤ میں اکھلیش یادو اسی طرح کی گاڑی استعمال کرتے ہیں۔ یہ خصوصی گاڑی چند دن قبل ہی اتر پردیش سے حیدرآباد منتقل کی گئی۔