ضعیف خاتون نے ریاستی وزیر جوپلی کرشنا راؤ سے 4 ہزار وظیفہ پر بحث و تکرار کی
حیدرآباد ۔ 30 اکٹوبر (سیاست نیوز) جوبلی ہلز کے ضمنی انتخاب میں پوری ریاستی کابینہ انتخابی مہم میں مصروف ہے۔ ہر ڈیویژن کیلئے دو وزراء کو انتخابی مہم کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ تاہم مہم کے دوران وزراء کو تلخ تجربات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ووٹ طلب کرنے گھر گھر پہنچنے والے وزراء سے عوام بالخصوص 6 ضمانتوں کے علاوہ دیگر وعدوں پر عمل نہ ہونے پر تکرار کررہے ہیں۔ خواتین کو ماہانہ 2500 روپئے معاوضہ دینے کا وعدہ کیوں پورا نہیں کیا گیا۔ غریب لڑکیوں کی شادی میں تحفہ کے طور پر ایک تولہ سونا کیوں نہیں دیا گیا۔ استفسار کیا جارہا ہے۔ مفت برقی کہاں ہے؟ اس طرح کے سوالات کرکے پریشان کیا جارہا ہے۔ وزراء اور کانگریس کے دوسرے قائدین عوام کو جواب دینے سے قاصر ہے اور غیرمتعلقہ جوابات دیتے ہوئے بچ نکلنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ریاستی وزیر جوپلی کرشنا راؤ نے کانگریس کے امیدوار نوین یادو کے ساتھ ملکر اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز میں انتخابی مہم چلائی۔ اس موقع پر جوپلی کرشنا راؤ نے ایک ضعیف خاتون سے ان کے گھر کے سامنے ملاقات کرتے ہوئے کانگریس کو ووٹ دینے کی اپیل کی، جس پر ضعیف خاتون نے ہاتھ چجوڑ کر معذرت خواہی کی اور اسمبلی انتخابات میں کانگریس پارٹی کی جانب سے عوام سے کئے گئے وعدوں کے تعلق سے سوالات کی بوچھار کردی۔ معمر افراد کیلئے 4000 روپئے پنشن دینے کا وعدہ کیا گیا۔ مفت برقی کا وعدہ کیا گیا مگر ہر ماہ برقی بلز جاری ہورہے ہیں۔ اب ضمنی انتخاب میں ووٹ مانگنے آئے ہیں رائے دہی کے بعد کبھی وزراء ا نہیں دستیاب نہیں ہوں گے اور نہ ہی حال چال معلوم کرنے گھر گھر پہنچیں گے۔ ریاستی وزیر جوپلی کرشنا راؤ نے جواب دینے کی کوشش کی مگر ضعیف خاتون مطمئن نہیں ہوئی۔2