حیدرآباد : یکم / مارچ (سیاست نیوز) رچہ کونڈہ پولیس نے انتہائی مطلوب سائبر دھوکہ باز کو گرفتار کرلیا ۔ جو سوشیل میڈیا کے ذریعہ عوام کو دھوکہ دیتے ہوئے لاکھوں روپئے لوٹ رہا تھا ۔ انڈیا ۔ ساؤتھ آفر یقہ کرکٹ میاچ کے وی ۔ آئی ۔ پی باکس ٹکٹ فراہم کرنے کے نام پر شکایت گزار سے 2 لاکھ 62 ہزار روپئے حاصل کرتے ہوئے دھوکہ دہی کے معاملہ میں بھی یہ سائبر دھوکہ باز ملوث تھا ۔ پولیس رچہ کونڈہ سائبر کرائم نے کارروائی کرتے ہوئے کوچی کیرلہ سے ایس پروین کو گرفتار کرلیا جو سریکاکلم سے تعلق رکھتا ہے ۔ پولیس نے ٹرانزٹ وارنٹ پر پروین کو حیدرآباد منتقل کیا جو زائد از 13 وارداتوں میں ملوث ہے ۔ خود کو برسراقتدار پارٹی کے رکن اسمبلی کا بیٹا ظاہر کرتے ہوئے پروین نے کرکٹ میاچ کے وی آئی پی باکس ٹکٹ فراہم کرنے کا جھانسہ دیا تھا ۔ 26 سالہ ایس پروین کے خلاف منصور آباد ایل بی نگر کے ایک طالب علم نے شکایت درج کروائی تھی جس نے آن لائین اشتہار دیکھتے ہوئے پروین سے رابطہ قائم کیا تھا ۔